0

ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،27دہشتگرد ہلاک ،23اہلکار شہید

راولپنڈی (صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 27دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران پاک فوج کے 23جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 11اور 12دسمبر کی درمیانی رات دہشتگردوں کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس پر ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران 17دہشتگرد ہلاک کئے گئے ،درازندہ کے علاقے میں آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کوبھی تباہ کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تلاش کیا گیا اور کلاچی میں آپریشن کے دوران تمام 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 بہادر جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 12دسمبر کی علی الصبح 6دہشت گردوں کے ایک گروپ نے درابن کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کر دیا، دہشت گردوں کی جانب سے چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ جس کے بعد خودکش حملہ کیا گیا، دھماکے کے نتیجے میں عمارت تباہ ہو گئی اور 23 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ہلاک دہشتگرد معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں