0

او آئی سی کا جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو درست قرار دینا باعثِ تشویش قرار

جدہ(کے پی آئی) سلامی تعاون کی تنظیم نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پرسخت تشویش کااظہار کیا ہے،جس میں اگست2019کے مودی حکومت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کی توثیق کی گئی ہے ۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹریٹ کی طرف سے جدہ میں جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی برقرار رکھنے کے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تشویش ہے۔ اسلامی تعاون کی تنظیم کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کو درست قرار دینا باعثِ تشویش ہے ، بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر پر یک طرفہ اقدام برقرار رکھنا بھی تشویش کا باعث ہے ۔او آئی سی نے جموں و کشمیر کے عوام کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیاہے ۔ اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنے پر بھی زوردیا ہے ۔واضح رہے کہ11دسمبر کو بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف دائراپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 5اگست2019کے مودی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کو برقراررکھا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں