0

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ امریکا، حکومتی وعسکری حکام سے ملاقاتیں

راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے امریکا کے دورے میں اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقاتوں میں سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن، سیکرٹری دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن سے ملاقات شامل ہیں۔آرمی چیف کی نائب امریکی وزیرِ خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، نائب قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر سے بھی ملاقات ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل چارلس کیو بران سے بھی ملاقات ہوئی۔ان ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی و علاقائی سلامتی کے باہمی امور اور بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام استقبالیہ میں بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بات چیت کی اور ان کے ملکی ترقی کے لیے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں