0

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

نیویارک(صباح نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق انتونیو گوتریس نے نیو یارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر آمد پر آرمی چیف کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاک فوج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کی خدمات کو سراہا۔ آرمی چیف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں تحریک طالبان کے ملوث ہونے اور پاکستان میں پڑوسی ممالک سے دراندازی کے حوالے سے آگاہ کیا۔جنرل عاصم منیر نے سیکرٹری جنرل کو پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق حکومتی پالیسی ، ڈیرہ اسماعیل خان حملے ، تحریک طالبان پاکستان کے پاس جدید ترین ہتھیاروں کی موجودگی کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کی تمام کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا وار سیکرٹری جنرل سے گفتگو میں مسئلہ کشمیر کو اجاگرکیا۔آرمی چیف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لئے مسئلہ کشمیرکا پرامن حل ناگزیر ہے، بھارت کی یہ کوشش اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، لہذا جموں و کشمیر کی حیثیت میں بھارت کی یکطرفہ تبدیلی کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فلسطین پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے سکیورٹی کونسل پر فوری جنگ بندی اور غزہ میں مظالم بند کرنے کے لئے عالمی کوششوں پر زور دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل عاصم منیر نے فلسطین کے مسئلہ کے دو ریاستی حل پر زور دیا اور وحشیانہ ہدف کے شکار معصوم شہریوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر موزوں انسانی بنیادوں پر مدد پر بھی زور دیا ہے۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے اور فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کیلئے کردار ادا کرے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے آرمی چیف کے امریکا دورے کا خیرمقدم کیا۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پاکستان کی تشویش کو تسلیم کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں