0

آزاد کشمیر حکومت اورجموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکراتی عمل کامیاب، معائدہ طے پا گیا

اسلام آباد(صباح نیوز)آزاد کشمیر حکومت اورجموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکراتی عمل کامیاب ہو گیا ہے ۔ مذاکراتی عمل کی کامیابی کے نتیجے میں ایک معائدہ بھی طے پایا ہے ۔ اس بات کا اعلان آزاد کشمیر حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے چیرمین راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے شوکت نواز میر اور وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بدھ کے روز کشمیر ہاوس میں آزادجموں و کشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی چیرمین مذاکراتی کمیٹی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے ، وزرا حکومت میاں عبد الوحید ، سردار ضیا القمر وجموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے شوکت نواز میر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں معاہدہ پڑھ کر سنایا ۔حکومتی مصالحتی کمیٹی اور جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان چارٹر آف ڈیمانڈ پر سوائے بجلی کی فی یونٹ لاگت کے تعین کے علاوہ ،باقی تمام معاملات بمطابق چارٹر آف ڈیمانڈ ،یکسو ہو چکے ہیں ۔ راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بتایا کہ اب وجہ تنازعہ واپڈا کے ذریعے پیدا ہوئی پن بجلی کی پیداواری لاگت کا تعین ہے جس کے لئے حکومت اصولی طور پر اس امر پر متفق ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے گا اس کے لئے طریق کار طے کرنے نیز سارے عمل کے مالی مضمرات کا جائزہ لینے کے علاہ جملہ متعلقین بشمول کابینہ ،اسمبلی کو اعتماد میں لیتے ہوے آمدہ دو ہفتوں میں عمل درآمد کیا جائے گا ۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے خلوص نیت سے عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کئے۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفاق پاکستان کے اداروں اور قومی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں آذادکشمیر کے مسائل کو تدبراور خوبصورتی سے اجاگر کیا ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ یہ مطالبات میرے الفاظ ہیں حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدہ لکھا گیا ،جو چیزیں حکومت کے اختیار میں ہیں وہ حل کریں گے ، اپنی آئینی اور قانونی حدود میں رہتے ہوے معاملات کا حل نکالا جائے گا ، ماسوائے بجلی کی فی لاگت کے تمام امور طے ہو چکے ہیں، حکومت پوری نیک نیتی کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کرے گی ، شوکت نواز میر نے اس موقع پر کہا کہ معائدے کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے کل 21 دسمبر کو بجلی کے بلات جلانے کی کال واپس لے لی ہے حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کی نیک نیتی اور خلوص کو سراہتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں