0

آزادکشمیر،سال 2023 میں سخت موسمیاتی مسائل کا سامنا، پانی کے ذخائر کی کمی کا خدشہ

مظفر آباد (پرل نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں سال 2023 کے دوران سخت موسمیاتی مسائل کا سامنا رہا، طویل خشک سالی کی وجہ سے آئندہ سال پانی کے ذخائر میں مزید کمی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دنیا میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے، آزاد جموں و کشمیر کے برف پوش پہاڑوں کو سال 2023ء میں طویل خشک موسم کا سامنا کرنا پڑا ہے، موسمیاتی مسائل کی وجہ سے نومبر کے بعد اب دسمبر کے ایام بھی کثرت سے خشک گزر رہے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات تیزی سے رونما ہو رہے ہیں، بارشوں کے دوران برساتی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلوں کی بنیادی وجہ بھی جنگلات کا بے دریغ کٹاؤ قرار دیا جا رہا ہے، آبادی میں اضافہ، بے ہنگم تعمیرات اور غلط منصوبہ بندی نے ماحولیاتی تبدیلیوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔ ادارہ تحفظ ماحولیات کے حکام کے مطابق دنیا بھر کو ماحولیاتی تبدیلی کا سامنا ہے تاہم آزاد کشمیر میں اس کے اثرات کو کم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کیساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ سال 2023ء کے دوران آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے کریش پلانٹ بند کرنے سمیت غیر قانونی تعمیرات روکنے اور بڑے شہر وں میں ماسٹر پلان کے مطابق تعمیرات کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں