0

ججز اور وکلاء ایک فیملی کی مانند، خواتین کا شعبہ وکالت میں آنا خوش آئند ہے، چیف جسٹس

میرپور (پی آئی ڈی) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی میں عدلیہ اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، بینچ اور بار لازم و ملزوم ہیں،وکلاء ہی عدلیہ کی طاقت ہیں، ججز اور وکلاء ایک فیملی کی طرح ہیں، ہم نے ہمیشہ وکلاء کی حوصلہ افزائی کی ہے، خواتین کا شعبہ وکالت میں آنا انتہائی خوش آئند ہے، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور نے خواتین کے لیے الگ چیمبرز بلڈنگ کی تعمیر کا آغاز کرکے تاریخ رقم کی ہے، جس پر ڈسٹرکٹ بار میرپور کی موجودہ قیادت مبارکباد کی مستحق ہے، میں پرامید ہوں کہ خواتین وکلاء چیمبرز کی بلڈنگ جلد مکمل ہو جائے گی، ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر راجہ سعید اکرم خان نے ڈسٹرکٹ بار میرپور کے زیر اہتمام خواتین وکلاء چیمبرز کی بلڈنگ کی تعمیر کے موقع پر سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بار ہال آمد پر صدر ڈسٹرکٹ بار میرپور کامران طارق ایڈووکیٹ،نائب صدر چوہدری عاشق حسین ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل سردار فضل رازق ایڈووکیٹ،جوائنٹ سیکرٹری فیصل عثمان ایڈووکیٹ،ممبران ایگزیکٹو کمیٹی جہانزیب علی ایڈووکیٹ،سدرہ ذوالفقار ایڈووکیٹ،راجہ نثار ایڈووکیٹ،ساجد مسعود ایڈووکیٹ و دیگر معزز ممبران بار نے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم کا پرتپاک استقبال کیا، چیف جسٹس عدالت العظمی نے اپنے دست مبارک سے اینٹ لگا کر خواتین وکلاء چیمبرز کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جبکہ اس موقع پر سنگ بنیاد کی تختی کی رونمائی بھی کی گئی، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت راجہ ابرار ایڈووکیٹ نے حاصل کی، جبکہ راجہ شاکر ایڈووکیٹ نے بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول پیش کیے، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری جنرل سردار فضل رازق ایڈووکیٹ نے سر انجام دیے. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ میرپور بار کی روشن تاریخ ہے، اس بار نے بڑے نام پیدا کیے ہیں، میرپور بار میں جب بھی مجھے بلایا جاتا ہے تو مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے، وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے عدلیہ ہمیشہ اپنا کردار ادا کرے گی، خواتین وکلاء کے چیمبرز کی بلڈنگ کے تعمیراتی کام کے آغاز پر میں میرپور بار کی موجودہ کیبنٹ اور ممبران کو مبارکباد کی مستحق ہے، مجھے امید ہے کہ خواتین کے چیمبرز کا کام جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا، اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار میرپور کامران طارق ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے جناب چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنے مصروف شیڈول سے وقت نکال کر بار میں تشریف لائے اور خواتین کے چیمبرز کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ممبران ڈسٹرکٹ بار میرپور میں لائف ٹائم ممبر شپ سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔تقریب سابق جسٹس چوہدری مشتاق احمد ایڈووکیٹ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چوہدری شکیل زمان ایڈووکیٹ،ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ضلعی ججز و قاضی صاحبان سمیت اراکین ڈسٹرکٹ بار میرپور نے شرکت کی، تقریب کے اختتام پر ضلع قاضی میرپور قاضی محفوظ صاحب نے دعا خیر کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں