0

اسرائیل کی المغازی کیمپ پر بمباری، 70فلسطینی شہید،سینکڑوںملبے تلے دب گئے

غزہ (صباح نیوز) اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے میں قائم المغازی پناہ گزین کیمپ پر رات گئے وحشیانہ حملے میں شہید ہونے والے کم ازکم 70 فلسطینیوں لاشیں نکال لی گئی ہیں، سینکڑوںملبے تلے دبے ہوئے ہیں، شہداء اور زخمیوں میں زیادہ تر عام شہری، بچے اور خواتین شامل ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق رات گئے اسرائیلی قابض فوج کی غزہ کے المغازی پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی جنگی طیاروں سے بمباری، ٹینکوں اور توپوں سے گولہ باری میں سیکڑوں فلسطینیوں کو شہید کرتے ہوئے ان کے گھروں کو ان کا مدفن بنا دیا گیا۔گھروں پر بمباری میں اب تک 70 شہداء کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ بچوں اور خواتین سمیت دسیوں افراد اب بھی ملے تلے دبے ہوئے ہیں ، امددی کارکنوں کو متاثرہ علاقے میں رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے المغازی کیمپ میں توپ خانے کی گولہ باری اور جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 70 شہدا ء کی لاشوں کو ہسپتالوں میں لائے جانے کی تصدیق کی ہے جبکہ بہت سی لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ترجمان کاکہنا ہے کہ کئی شہریوں کے جسم کے صرف اعضاء ملے ہیں، تباہ ہونے والے گھروں اور عمارتوں کے ملبے تلے سیکڑوں افراد اب بھی دبے ہوئے ہیں اوران میں سے کسی کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری شعبے القسام بریگیڈ نے جبالیا کیمپ میں اسرائیلی فوج پر حملہ کردیا۔ غزہ سے عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ انکے اسنائپرز نے جوہرالدیک میں اسرائیلی فوج کے میجر سمیت 3فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ القسام بریگیڈ کے مطابق جوہرالدیک میں ایک عمارت کے اندر موجود اسرائیلی فوجیوں پر شیلنگ بھی کی گئی۔ القسام بریگیڈ نے کہا کہ شیلنگ سے اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں