0

مقبوضہ پونچھ میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن، اضافی دستے تعینات، انٹرنیٹ سروس معطل

جموں (کے پی آئی) مقبوضہ جموںوکشمیر میں پونچھ اور راجوری میں بڑا فوجی آپریشن جاری ہے ،انتظامیہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے دورے سے قبل بدھ کو جموں خطے کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں بڑی تعداد میں بھارتی فورسز اہلکار تعینات کر دیے جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں اضلاع میں مسلسل پانچوین روز بھی موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل رہی ۔ انٹرنیٹ سروس جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بھارتی فورسز کی حراست میں تین کشمیریوں کے قتل کے بعد معطل کی گئی تھی۔ بیگناہ شہریوں کے قتل کے خلاف علاقے میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے اور شہید شہریوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔قابض بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ راجوری ، پونچھ میں اضافی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کا مقصد راج ناتھ سنگھ کے دورے کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔دریں اثنا قابض بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی کے جنوبی اضلاع کولگام، اسلام آ باد ، شوپیاں اور پلوامہ میں بھی پابندیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ شاہراہوں پر مزید چیک پوسٹیں اور ناکے قائم کیے گئے ہیں ۔ بھارتی فورسز اہلکار گاڑیو ں ، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی لے رہے ہیں ۔لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کیے جا رہے ہیں ،کسی بھی گاڑی یا موٹر سائیکل کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔ دوسری جانب مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت یہ جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ 5 اگست2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن قائم ہوا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست کے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے بعد سے کشمیریوں پر مظالم اور علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی اپنی مذموم کوششوں میں تیزی لائی ہے جس سے علاقے میں پہلے سے غیر مستحکم صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ تاہم بھارتی فوجی جارحیت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتی۔ ترجمان نے پونچھ حراستی قتل کے تین شہداء سمیت تمام کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیش بہا قر بانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے پونچھ میںبھارتی فوجیوں کی زیر حراست شہید ہونے والے تین شہریوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور قابض اہلکاروں کے تشدد سے زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں