0

کشمیریوں کی زندگیاں بھارتی فوج کے رحم و کرم پر، عالمی برادری کو نوٹس لینا ہو گا، سردار عتیق

راولپنڈی(پرل نیوز) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ ہندوستان حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو بے انتہا مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے،کشمیریوں کی زندگیاں بھارتی فوجیوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ ہندوستانی مظالم کیوجہ سے کشمیریوں کی روزمرہ کی زندگی جہنم بن گئی ہے، ہندوستانی فورسز کو کالے قوانین کے تحت بے لگام اختیارات حاصل ہیں اور وہ بے گناہ کشمیریوں کو دوران حراست اور جعلی مقابلوں میں شہید کررہی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم کانفرنسی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام بھارتی جبر و استبداد میں اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے کیونکہ بھارت مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے لہذا ہمیں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور دنیا بھر کے بڑے ایوانوں تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے کے لئے آواز پہنچانا ہو گی یہ تب ہی ممکن ہے کہ دنیا بھر میں آباد کشمیری اور پاکستانی بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اُڑانے والے ہندوستان کے اصلی چہرے کو دنیا کے سامنے آشکار کریں۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے انسانی حقوق کو پامال کرتے ہوئے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے بالخصوص 5اگست2019کے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے غیر آئینی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں پر اُن کی ہی زمین تنگ کر دی گئی ہے، بھارتی قابض افواج جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو قتل، بزرگوں اور عورتوں کی عصمت دری اور پیلٹ گن کے استعمال جیسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے غیر ریاستی ہندوؤں کو مقبوضہ کشمیرمیں آباد کر رہا ہے تاکہ آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جا سکے اور مقبوضہ کشمیر کی حلقہ بندیاں بھی تبدیل کی جا رہی ہیں تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک ہندؤ وزیر اعلیٰ لانے کی راہ ہموارکر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں