0

شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی، بھارت کشمیریوں کی شناخت چھین نہیں سکتا، وزیر صحت

) ہندوستان کی سپریم کورٹ کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے متعلق فیصلے کے خلاف ریاست گیر احتجاجی جلسہ 7 جنوری کو کوٹلی میں ہوگا جس میں کابینہ ممبران،اراکین اسمبلی،حریت قیادت،سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔ جلسہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر آفس میں وزرا کرام ڈاکٹر نثار انصر ابدالی اور چوہدری محمد اخلاق کی زیرصدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز اور ایس ایس پی میر محمد عابد نے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جلسہ کے لئے تمام محکماجات کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ،صحت عامہ، برقیات،شہری دفاع،اطلاعات،ریسکیو1122،تعلیم،جنگلات،تعمیرات عامہ،شاہرات اور ضلع کونسل کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹرنثار انصر ابدالی نے کہا کہ ہندوستان کی سپریم کورٹ نے ریاست جموں و کشمیر کی شناخت ختم کرنے کے متعلق ہندوستانی پارلیمنٹ کا فیصلہ برقرار رکھ کر سنگین عدالتی تعصب کا مظاہرہ کیا جس کی کشمیری عوام مذمت کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا 7جنوری کو وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی قیادت میں کوٹلی سے احتجاجی جلسوں کا آغاز کیا جارہا ہے جس کامقصد ہندوستان کی مذمت کے ساتھ ساتھ دنیا کو بھی یہ پیغام دینا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری قوم کی موجودگی میں ہندوستان مقبوضہ جموں کشمیر کو ہڑپ نہیں کرسکتا۔ اس جلسہ میں پوری کابینہ،ممبران اسمبلی،حریت قیادت سمیت ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ چوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی شناخت کوئی نہیں چھین سکتا،لاکھوں شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ بن کررہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان انفراسٹرکچر کی جعلی ترقی کے دعووں اور کانفرنسوں کا انعقاد کرکے دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔ اجلاس کے بعد وزرا کرام نے جلسہ گاہ کی جگہ معائینہ کیا اور ہدایات جاری کیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر،ایس ایس پی،مہتمم شاہرات،مہتم تعمیرات نے وزرا کو انتظامات کے متعلق بریف کیا۔جبکہ اجلاس میں مئیر بلدیہ چوہدری محمد تاج،چئیرمین ضلع کونسل عبدالغفور جاوید،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسیدنسیم عباس شاہ،ایس ای برقیات مبشر سرفراز،ایس ای شاہرات سید امجد علی شاہ،اسسٹنٹ کمشنر نعیم اختر چوہدری،ایکسئین شاہرات اشتیاق مغل،ایکسئین بلڈنگ مرزا رضوان شبیر، ڈپٹی ڈائریکٹرمیاں نویداللہ،ایکسین برقیات ملک ابصارحسین،ایس ڈی اوپبلک ہیلتھ ساجدحسین،ڈپٹی ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ عامرزیب،ڈی ایف اوساجدندیم،ڈی ای او نسواں مریم اشرف،ڈی ایف اواکرم سبحانی، اے ڈی ریسکیو1122راجہ محمدشوکت ناز،اے ڈی امورحیوانات ڈاکٹرالطاف حسین طاہر،اے ڈی سول ڈیفنس سرداررفیق،انفارمیشن آفیسرشوکت علی ملک،،ڈپٹی ڈی ای اومردانہ نعمان انجم،ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈنیٹرڈاکٹرفداحسین بٹ،ڈی ایم ایس ڈاکٹرمحمداسلم، ڈاکٹرحمزہ عزیزکے علاوہ دیگرنے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں