صدرریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے گزشتہ دنوں اسلامی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا اس موقع پر میں نے اسلامی ممالک کے سفیروں کو مسئلہ کشمیر اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر تفصیلی بریفنگ دی اور اس بات پر زور دیا کہ اُمہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دباؤ بڑھائے اور اس سلسلے میں او آئی سی بھی اپنا کردار ادا کرے۔ مسلم ممالک نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اب بھی مسلم اُمہ کشمیری عوام کے موقف کے تائید کرے گی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے جاگراں ہائیڈرو پروجیکٹ شروع کیا تھا اور اب تک اس کی آمدنی 8ارب روپے سے زائد ہو چکی ہے جبکہ اس کی ماہانہ آمدنی تقریباً 4کروڑ روپے ہے۔ اگر اس طرح کے دیگر منصوبے شروع کیے جائیں تو امید واثق ہے کہ انشاء اللہ آزادکشمیر جلد خود کفالت کی منزل کی جانب گامزن ہو جائے گا۔ اسی طرح میں نے میرپور میں سوئی گیس لائی تھی اور اب چونکہ کوہالہ تک سوئی گیس آ چکی ہے اور میں کوشش کر رہا ہوں کہ مظفرآباد میں بھی سوئی گیس فراہم کی جائے۔ اسی طرح میرپور مظفرآباد مانسہرہ موٹروے کی تعمیر میرپور میں سی پیک بزنس سنٹر کا قیام راولاکوٹ اور مظفرآباد کے ائیرپورٹس کو وسعت دینے اور فعال کرنے کے لئے بھی میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہوں۔ اس سلسلے میں، میں نے وفاقی حکومت سے بھی بات کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں درالحکومت مظفرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں سابق مشیر حکومت سردار تبارک کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے بہت بڑے افطار ڈنر سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر افطار ڈنر میں وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، سابق مشیر حکومت و میزبان سردار تبارک، سابق وزیر حکومت چوہدری مقبول احمد، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، سابق چیف جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء، راجہ مدد، منیر سلہریا، امتیاز عباسی، اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے اپنے حالیہ امریکہ اور برطانیہ کے دورے میں بھی اوورسیز کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ایوانوں تک پہنچائیں جبکہ میں آپ لوگوں سے بھی کہوں گا کہ اب چونکہ سوشل میڈیا کا دور ہے اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا رول ادا کرنا چاہیے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اس وقت انتہائی تشویشناک ہے اور ہم سب کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ بھارت کی ریشہ دوانیوں کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کریں اور کشمیری عوام کا مقدمہ انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے پیش کریں۔ میں نے اسلام آباد میں اسلامی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر اسلامی ممالک کے سفیروں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے ممالک سے کہیں کہ مسلم اُمہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
