ملک بھر کی طرح آزادکشمیر کےدارالحکومت مظفر آباد میں بھی یوم قرارداد پاکستان انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جموں وکشمیر لبریشن سیل کے تعاون سےاحاطہ ڈپٹی کمشنر آفس مظفرآباد میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق نے قومی پرچم کشائی کی جبکہ آزادجموں وکشمیر پولیس، ریسکیو اور طلبا کے سکاوٹس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی بھی پیش کی۔ تقریب میں سابق وزیرحکومت سید مرتضی گیلانی، سابق صدر مرکزی انجمن تاجران عبدالرزاق خان، ضلعی آفیسران سمیت ضلعی پولیس افیسران، خواتین، سول سوسائٹی اورہر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفر آباد مدثر فاروق نے کہاکہ آج کا دن تحریک پاکستان کی مناسبت سے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ آج ہی کے دن 23 مارچ 1940 کو مسلمانان برصغیر نے لاہور کے تاریخ ساز اجتماع میں قرارداد پاکستان پاس کی تھی۔ بعدازاں اسی متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد کی روشنی میں ہی قائداعظم محمدعلی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان حاصل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا اس امید کے ساتھ کہ مسلمان اپنے مذہبی آزادی کے ساتھ رہ سکیں گے۔ نظریاتی بنیادوں پر حاصل کئے گئے مملکت خداداد پاکستان کے حصول کی دوسری وجہ وہ خوف تھا جو ہندوتوا کی جانب سے مسلمانوں کو درپیش رہا ہے آج بھی ہندوستان میں ہندو انتہا پسند کے جتھےمغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کے مقبرے کی مسمارگی کا مطالبہ کررہے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ ہمارے اجداد نے یہ آج سے پچاسی برس پہلے بھانپ لیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ مملکت خداد پاکستان کی تکمیل حقیقی معنوں میں اسی وقت ہو گی جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی آزادی کی دولت سے مالامال ہو کرپاکستان کا حصہ بن جائیں گے۔ آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ جو خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھے تھے ان کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آج ہمیں عہد کرنا ہے کہ پاکستان میں حقیقی امن کے قیام وطن کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کام کریں گےاور وطن کی ترقی و فلاح کے لیے تمام وسائل حقیقی معنوں میں عوامی فلاح پر صرف کرنےکے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ ہمیں وطن کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات تگ و دو کرنا ہوگی، راستے کی رکاوٹوں کے خلاف نبرد آزما ہونا ہوگا اور نئی نسل نو کو قیام پاکستان کے مقاصد اور تحریک پاکستان کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا۔ تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی، کشمیر و فلسطین کی آزادی اور پاک فوج ومقبوضہ جموں وکشمیر کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
