0

جلد پورے کشمیر کی فضاؤں میں آزادی کا سورج طلوع پزیر ہو گا صدر آزاد کشمیر

صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اپنے نازک اور فیصلہ کن دور سے گزر رہا ہے۔کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے جلد پورے کشمیر کی فضاؤں میں آزادی کا سورج طلوع پزیر ہو گا۔تحریک آزادی کشمیر کے اس اہم ترین موڑ پر ہم سب کو ملکر اور متفقہ طور پر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی و کامرانی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے ہمیں آزادی کے بیس کیمپ کو حقیقی معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنا کر دنیا کے تمام فورمز پر کشمیر کاز کو جاندار انداز میں اجاگر کرنا ہو گا میرا برطانیہ و امریکہ کا حالیہ دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ میں کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کروں گا اب وقت آ گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کشمیر کاز کو حل کروانے میں ثالثی کا کردار ادا کریں۔بھمبر کی سرزمین پر کھڑا ہو کر پوری قوت سے ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کی محکوم اور نہتی عوام کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اس وقت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم، نہتے اور بے نوا کشمیری 9لاکھ بھارتی مسلح فوجیوں کی سنگینوں تلے ایک ہولناک اجتماعی جیل خانے کی چکّی کے دو پاٹوں کے درمیان پس رہے ہیں۔ لیکن آفرین ہے کہ ان کی تحریک مزاحمت اور آزادی کی جدوجہد نہ صرف جاری ہے بلکہ وہ ایک فیصلہ کن موڑ کی طرف بڑھ رہی ہے۔مودی کی فاشسٹ حکومت ظلم و جبر، قابض فوج کے ہاتھوں تشدد و گرفتاریوں اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکی اس کے مقابلے میں ہزاروں کشمیری اپنی جانیں قربان کرکے آج بھی اپنا جذبہ آزادی زندہ رکھے ہوئے ہیں، جو بھارتی استبداد کے باوجود ماند نہیں پڑا۔مقبوضہ وادی کا بچہ بچہ، بزرگ، خواتین و جوان ہر قیمت پر بھارت سے آزادی کا خواہشمند ہے۔آزاد کشمیر کے اندر وضع دارانہ ماحول قائم ہے سیاست کے اندر ہماری اچھی روایات ہیں ہم آپس میں ملتے جلتے ہیں میری تمام کشمیری قیادت سے گزارش ہے کہ ہم سب مل کر باہم متفق ہو کر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جدوجہد کریں اس سلسلے میں میں بطور صدر اپنا کردار ادا کروں گا بطور صدرِ ریاست میں نے ریاستی جماعتوں کو تحریک آزادی کشمیر کے لیے اس سے قبل بھی ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا تھا میں نے 30جنوری 2022 کو ایوان صدر میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کروایا جس میں ریاست کی تمام جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی اور تمام قیادت نے متفقہ طور پر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مل کر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا۔اسی فیصلے کے تحت 24فروری کو اسلام آباد اور 17 مارچ کو مظفرآباد میں آل پارٹیز کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں ریاست کی تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی انشا ء اللہ مستقبل میں بھی ہم سب مل کر کشمیر کاز کے لیے جدوجہد کریں گے۔بھارت کا سیکولر ریاست اور سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے بھارتی حکومت کی مقبوضہ کشمیر کے اندر ریاستی دہشت گردی اور بھارت کے اندر اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے ساتھ ساتھ کینیڈا میں بھارتی دہشت گردی بھی پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکی ہے خود کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹو ڈو نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب میں بھارتی حکومت کی دہشت گردی کے ثبوت پیش کیے۔ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھمبر میں چوہدری عبدالرؤف کاشر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گے افطار ڈنر کے بہت بڑے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر کے جلسہ عام میں بھمبر کے اطراف و اکناف سے عوام کی ہزاروں کی تعداد میں پرجوش شرکت نے سماں باندھ دیا بھمبر مارکی کے ہال کی وسعت عوامی ہجوم کی آگے کم پڑ گئی لوگوں کی بڑی تعداد نے ہال سے باہر روزہ افطار کیا۔افطار ڈنر آمد پر راؤف کاشر کی قیادت میں جوشیلے نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر اور فلگ بوس نعرے لگا کر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے استقبال کے مناظر کو امر کر دیا۔حلقہ ایل اے سات کی عوام،سول سوسائٹی، وکلا برادری، بزنس کمیونٹی سمیت ہر مکتبہ فکر و نظر کے افراد نے افطار ڈنر میں بھرپور شرکت کی۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب اپنے مخصوص انداز میں بازو کو لہرتے ہوئے ہال میں داخل ہوئے تو ہال میں موجود ہر شخص فرط جذبات سے لبریز ہو کر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے استقبال کے لئے اپنی نشستوں سے کھڑا ہو گیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان زندہ باد بیرسٹر تیرے جانثار بے شمار کشمیریوں کا حقیقی ترجمان بیرسٹر سلطان بیرسٹر سلطان کے نعروں سے بھمبر کی فضائیں لرز اٹھیں۔بھمبر میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت اور صدر ریاست کے والہانہ استقبال نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بھمبر میرا دوسرا گھر ہے بھمبر کی عوام میرے دل بستی ہے میں جب بھی بھمبر آیا تو حلقہ 7 بھمبر کی عوام نے میرا محبتوں عقیدتوں اور دل کی عمیق گہرائیوں سے میرا دیدنی استقبال کر کے مجھ سے اپنی والہانہ اور مخلصانہ محبت ور عقیدت کا اظہار کیا آج ایک مرتبہ پھر بھمبر کی زندہ دل عوام نے میرا تاریخی استقبال کر کے اس بات پر مہر ثبت کر دی ہے کہ بھمبر کل بھی میرا دوسرا گھر تھا بھمبر آج بھی میرا دوسرا گھر ہے بھمبر آنے والے کل میں بھی میرا دوسرا گھر ہو گا جلسہ عام میں آج عوامی سمندر کے ٹھاٹھیں مارتے جوش کو دیکھ کر میری ساری تھکاوٹ اتر گئی ہے۔بھمبر آمد سے قبل آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں میں میرے اعزاز میں افطار ڈنر منعقد ہو چکے ہیں جو مزہ آج بھمبر میں آیا ہے وہ مزہ کسی اور جگہ نہیں آیا۔بھمبر کے افطار ڈنر میں عوامی تعداد اور عوامی جوش و خروش دونوں قابل دید اور قابل تعریف ہیں جس پر میں اہلیان بھمبر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔میں نے اپنے دور حکومت میں بھمبر کے اندر عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کیے جس سے بھمبر کی پسماندگی و محرومیوں میں بڑی کمی واقع ہوئی اب بھی میں بھمبر کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے کر عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کروں گا۔افطار ڈنر کے اجتماع کی میزبانی کے فرائض چوہدری عبدالرؤف کاشر نے ادا کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں