محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ٹریننگ اینڈ اڈاپٹیو ریسرج یونٹ(TARU) گڑھی دوپٹہ میں syngenta پاکستان کے تعاون سے“زرعی ادویات کے محفوظ استعمال”کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سیکرٹری زراعت لائیوسٹاک آبپاشی و سمال ڈیمز امتیاز احمد، ٹیکنیکل سیلز آفیسر خالد عزیز خان، توسیع، ریسرچ، تربیت و اڈاپٹیو ریسرج یونٹ اور اسماء اکیڈمی کے آفیسران اور فیلڈ معاونین نے شرکت کی۔ خالد عزیز خان نے زرعی ادوایات کے محفوظ استعمال کے بارہ میں ایگریکلچر آفیسرز اور فیلڈ سٹاف کو تربیت دی۔ سیکرٹری امتیاز احمد نے اس موقع پر محکمہ زراعت اور کارپوریٹ سیکٹر کے مابین موثر روابط کو فروغ دینے پر زور دیا، تاکہ عوام کو جدید زرعی معلومات اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تربیتی پروگرام کو نہایت خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف محکمہ زراعت کے آفیسران اور فیلڈ سٹاف کے علم و فہم میں اضافہ ہوگا بلکہ زمینداروں کو فصلوں کی بیماریوں، کیڑے مار ادویات کے محفوظ استعمال اور ان کی بروقت فراہمی کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل ہوگی۔بعد ازاں بریفنگ فیلڈ وزٹ بھی کیا گیا، جہاں موجود فصلات پر کیڑوں اور بیماریوں کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر سپرے کے مؤثر اور محفوظ استعمال کے حوالے سے عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر جناب ملک محمد عامر اور محترمہ آمنہ رفیع نے شرکاء میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل