0

جموں کشمیر پیپلزپارٹی ہی لوگوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہےنمبردار سردار محمد نذیر خان

راولاکوٹ (ڈیلی پرل ویو ) جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے مرکزی نائب صدر و ڈسٹرکٹ کونسلر یونین کونسل ہورنہ میرہ نمبردار سردار محمد نذیر خان نے کہا ہیکہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی ہی لوگوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جس نے ہر دور میں عوام کی بہترین نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے مسائل کے حل اور عوامی مشکلات کے خاتمہ کیلئے بھرپور جدوجہد کی، اسی جماعت کے پلیٹ فارم سے سیاست کا بطور عوامی خدمت آغاز کیااور اسی مشن پر آج تک کاربند رہتے ہوئے دن رات مصروف جہد ہوں،میرا مقصد سیاست کو محض ذاتی مفادات یا شہرت کیلئے استعمال کرنا نہیں بلکہ اپنی جماعت کے ویژن اور منشور کے مطابق عملی طور پر لوگوں کی فلاح کیلئے کردار ادا کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں غازی ملت پریس کلب (رجسٹرڈ) راولاکوٹ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پریس کلب کی تزئین و آرائش کیلئے 5 لاکھ روپے کا نقد چک دیتے ہوئے ماہ جون اور جولائی میں مزید 1 ملین کی فراہمی کا اعلان بھی کیا ۔ انہوں نے پریس کلب اور صحافیوں کی فلاح کیلئے اپنے ہرممکن تعاون اور کردار کی یقین دہانی کرواتے ہوئے معاشرہ کی بہتری، فلاح، مسائل کو حل کروانے کیلئے بغیر کسی تنخواہ یا معاوضے کے کردار کو سراہتے ہوئے اس فریضہ کی انجام دیہی میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار اداکرنے کی توقعات کا بھی اظہار کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے سیاست کو بطور خدمت اور عبادت اختیار کرنے کا ارادہ کیا اور وہ اس مقصد کی انجام دیہی میں ہر طرح سے مصروف جہد ہیں تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل کے خاتمے اور ان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں فرسودہ روایات کے خاتمہ اور اسے حقیقی معنوں میں اس کی اصل روح ”خدمت “کے جذبے کے تحت اختیار کرنا مقصد نہ ہوتا تو وہ ایک فلاحی تنظیم قائم کرکے بھی لوگوں کی فلاح کیلئے کردار ادا کرسکتے تھے لیکن انہوں نے موجودہ دور میں سیاست کو غلط ڈگر پر رواں دیکھ کر اس بات کا فیصلہ کیا کہ وہ یہ ثابت کرکے دکھائیں گے کہ سیاست اور خدمت آپس میں باہم مربوط ہیں اور اگر سیاست سے خدمت کو نکال لیا جائے تو محض مفادات ،لالچ اور ذاتی فوائد ہی رہ جاتے ہیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی میرا اوڑھنا، بچھونا ہے، ایک عظیم شخصیت اور قائد کشمیر غازی ملت کے نام پر قائم اس پریس کلب اور اس سے وابستہ تمام صحافیوں کیلئے ہر طرح سے کردار ادا کروں گا۔ تاریخ ساز شخصیت کی تاریخ ساز جماعت کے ساتھ وابستگی کے تمام تقاضوں کو ہمہ وقت پورا کرنے کیلئے کوششیں جاری رہتی ہیں، ان کوششوں میں ترجیح اول لوگوں کے مسائل کا حل او ران کیلئے سہولیات کی فراہمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اصل رہنما وہ ہوتا ہے جو دوسرے کا نہ صرف درد محسوس کرے بلکہ اس درد کا ازالہ اور خاتمہ کرنے کیلئے وہ تمام کوششیں اور کاوشیں کرے کہ جن سے حقیقی معنوں میں اسے اس درد کا ادراک بھی ہو اور اسے دور کرنے میں کامیابی بھی ملے، جس کیلئے میری کوشش رہتی ہے کہ جہاں انسان دو روٹیاں کھا سکتا ہے وہاں وہ ایک کھائے اورایک کسی ضرورت مند ، کسی بھوکے کو دے دے تاکہ اس سوچ کی عملی تکمیل ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی میرا جنون، میرا سب کچھ ہے جس کیلئے ہمہ وقت اپنا مال اور جان تک بھی قربان کر دینا کوئی بہت بڑا کارنامہ نہیں سمجھتا، یہ وہ جماعت ہے کہ جس نے ہمیشہ میرٹ، گڈ گورننس، اداروں کی مضبوطی و استحکام، عوامی مسائل کا حل اور سہولیات کی فراہمی کو بطور اپنا نظریہ لوگوں کے سامنے رکھا اور عملی طور پر ثابت کیا کہ یہی جماعت لوگوں کی حقیقی ترجمان ہے، انہوں نے کہا کہ کبھی بھی حالات اور وقت کا انتظار نہیں کیا بلکہ اس بات کو ترجیح دی کہ ہمیشہ اپنی گرہ سے مختلف پراجیکٹس اور ایسے منصوبوں کی تکمیل ممکن ہو جو لوگوں کیلئے ہر طرح سے سہولیات کا باعث بنیں۔آج پورے آزاد کشمیر میں کئی مسائل ہیں، لوگ طرح طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں جن کو صحافی دوست مختلف اوقات میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کیلئے بھی کوشاں رہتے ہیں۔ راولاکوٹ کے صحافی اس لئے بھی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انتہائی محدود وسائل میں رہتے ہوئے ہمہ وقت اپنے فرائض کی انجام دیہی کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب شفقت ضیاءنے نمبردار نذیر خان کا بھرپور شکریہ ادا کیا ، ان کی کارکردگی، خیالات اور نظریات پر انہیں مبارکباد پیش کی اور پریس کلب کیلئے ان کے تعاون پر بھی انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات کا بھی عزم کیا کہ وہ اور ان کے ساتھی شعبہ صحافت کے تقدس کو ہمیشہ برقرار رکھتے ہوئے اس فریضہ کی انجام دیہی میں تمام تر توانائیاں سرف کرتے رہیں گے، اس موقع پر پریس کلب کے نائب صدر عامر جاوید، سینئر صحافی و سابق صدر عابد صدیق، سینٹرل یونین آف جرنلسٹ پونچھ کے صدر سید مسعود گردیزی، سابق صدور اعجاز قمر، عمران ایوب سمیت خاتون صحافی تسنیم شوکت اور جنرل سیکرٹری عمر خیام بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں