نیلم (ڈیلی پرل ویو) وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر ڈاکٹر تمیم چغتائی نے نیلم ویلی کا دورہ کیا اور صحت عامہ کی سہولیات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس و معائنہ کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO)، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS)، ڈسٹرکٹ لیپ کنٹرولر (DLC) سمیت چار سینیٹرز اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مریضوں کے علاج و معالجے کی صورتحال، دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ معائنے کے دوران سینیٹرز نے ڈی ایچ او اور ایم ایس سے خصوصی ملاقات کی جس میں ضلع نیلم میں تپ دق (ٹی بی) کے خاتمے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے زور دیا کہ عوامی شعور بیدار کرنے اور مرض کی بروقت تشخیص کے لیے زیادہ سے زیادہ فری میڈیکل کیمپس منعقد کیے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر تمیم چغتائی نے محکمہ صحت کے تمام ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ عوام، اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات میں تپِ دق (ٹی بی) کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔
طلبہ و طالبات کو ٹی بی کی علامات، بچاؤ اور علاج کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔
آگاہی سیشنز اور لیکچرز کا اہتمام کیا جائے۔
دیہات، قصبات اور شہری علاقوں میں عوام کو بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔
مشتبہ مریضوں کو فوری طور پر قریبی ہیلتھ سینٹر یا ہسپتال بھجوایا جائے۔
مریضوں کے علاج کے دوران مکمل رہنمائی اور تعاون فراہم کیا جائے۔
ڈاکٹر تمیم چغتائی نے کہا کہ ٹی بی کے خاتمے کے لیے ہنگامی پلان پر عملدرآمد ناگزیر ہے، تمام ادارے اور ذمہ داران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔