ڈیلی پرل ویو،آٹھمقام (اسٹاف رپورٹر) آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید شجاعت حسین نقوی کی ہدایت پر آٹھمقام بازار کا معائنہ کیا۔ اس دوران عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف دکانوں اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو چیک کیا گیا۔
معائنے میں فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد، صفائی ستھرائی، ذخیرہ اندوزی اور معیاری اصولوں کا جائزہ لیا گیا۔ قانونی جانچ پڑتال کے دوران لائسنسنگ و رجسٹریشن اور ریکارڈ کی پڑتال بھی کی گئی۔
اتھارٹی نے مجموعی طور پر 22,500 روپے کے جرمانے عائد کیے جبکہ دو نمونے حاصل کرکے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھجوائے۔ ایک غیر رجسٹرڈ کمپنی کی نشاندہی کی گئی اور مزید قانونی کارروائی کے لیے نمونے لیے گئے۔
کارروائی کے دوران 12,000 روپے مالیت کا غیر معیاری سامان موقع پر تلف کیا گیا، جبکہ بعض دکانداروں اور فوڈ ہینڈلرز کو اصلاحی نوٹسز جاری کرکے ہدایات دی گئیں۔ شاہین پاپڑ کے پروڈکٹس بھی ضبط کر لیے گئے۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق مزید قانونی کارروائی لیبارٹری نتائج موصول ہونے کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔