0

بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گےوزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے ۔یوم مئی کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ اسلام محنت کی عظمت پر مکمل یقین رکھتا ہے، ارشاد نبوی ﷺہے کہ مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے قبل دی جائے۔اس حدیث مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام محنت کی اہمیت کو کس قدر اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دن شکاگو کے ان مزدوروں کی یاد ہے جن کی قربانیوں کے نتیجے میں مزدوروں کو حقوق ملے ، دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے اور مزدوروں کی صحت اور حفاظت کے لیے آئی ایل او کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے تمام طبقات جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ان کی بہتری کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔ بنیادی صحت اور محکمہ تعلیم میں اصلاحات سے بھی مزدور طبقہ کو فائدہ ہو گا۔ آزاد کشمیر میں مزدوروں کے استحصال کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور جہاں بھی اس طرح کی کوئی رپورٹ ملی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی کم ازکم اجرت ، کام کے سازگار ماحول ، ان کی صحت کی سہولیات اور ان کے حقوق کے ثحفظ کے لیے جہاں ضروری ہوا قانونی اور انتظامی اصلاحات کی جائیں گے۔ لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ چوہدری انوارالحق نے کہا کہ رزق حلال کمانے والے اس معاشرہ کے قابل فخر لوگ ہیں اور ان لوگوں کی بدولت پی قومیں ترقی کرتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کے حالات بہتر بنائیں گے، مزدوروں کے مسائل ہر سطح پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ہمیں اپنے محنت کشوں پر فخر ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں