0

اسلام آباد وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے راجہ نجابت حسین کی ملاقات

اسلام آباد (ڈیلی پرل ویو – نمائندہ خصوصی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے جموں و کشمیر تحریکِ حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی وزیر برائے سمال انڈسٹریز محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی بھی شریک تھیں۔

ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر، کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت، اور بین الاقوامی سطح پر اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ان کی حکومت تحریکِ آزادی کشمیر کو اولین ترجیح دیتی ہے اور بجٹ کے بعد وہ برطانیہ اور یورپ کا دورہ کریں گے تاکہ کشمیریوں کی آواز کو عالمی فورمز تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو متحرک کرنے، انسانی حقوق کے اداروں اور کشمیری تنظیموں سے روابط بڑھانے اور عالمی برادری تک مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی سے اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دنیا بھر میں پھیلے کشمیری اس جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر کہا کہ وہ تحریکِ حقِ خود ارادیت کو عالمی سطح پر پہنچانے کے لیے برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کے اداروں کے ساتھ بھرپور رابطوں میں ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کی متحرک قیادت کو سراہا اور کہا کہ بیس کیمپ میں مثبت تبدیلی سے اوورسیز کشمیری برادری مطمئن ہے۔

وزیر محترمہ تقدیس گیلانی نے راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں کشمیری عوام کے سچے سفیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین ونگ کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا جو عالمی سطح پر کشمیری خواتین کی آواز بن کر کام کر رہی ہیں۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور فریقین نے مسئلہ کشمیر کو عالمی ضمیر تک پہنچانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں