ڈیلی پرل ویو مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر برانچ کے چیئرمین سردار شفیق احمد خان اور سیکرٹری محترمہ گلزار فاطمہ نے ایوان صدر میں تفصیلی ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران وفد نے صدر کو ادارے کی موجودہ تیاریوں اور دستیاب وسائل میں ناگہانی و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے موبائل ہیلتھ کیئر یونٹ، رضاکاروں کی تربیت، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، ہنگامی نقل مکانی، امدادی سامان کی فوری فراہمی اور محفوظ مقامات پر منتقلی جیسے اہم پہلوؤں پر خاطر خواہ تیاری کی ہے۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ریڈ کریسنٹ ایک قابلِ تحسین ادارہ ہے جو انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے، لہٰذا اسے ہر وقت قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے اس ضمن میں حکومتی سطح پر بھرپور معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ فنڈز کی فراہمی اور دیگر معاملات کے حل کے لیے حکومت سے بات کریں گے۔
صدر نے ریڈ کریسنٹ کے رضاکاروں کی مزید بہتر تربیت اور جدید ساز و سامان سے لیس کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے زور دیا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور مؤثر امداد کو یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین سردار شفیق احمد خان اور سیکرٹری گلزار فاطمہ نے صدر کو یقین دلایا کہ ادارہ اپنے محدود وسائل کے باوجود ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی حالت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔