پنشنرز ایسوسی ایشن مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری 0

پنشنرز ایسوسی ایشن مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری

ڈیلی پرل ویو: پنشنرز ایسوسی ایشن مظفرآباد کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری بانڈی سماں میں صدر سید صدیق حسین شاہ کے گھر منعقد ہوئی، جس میں ریٹائرڈ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل آزادکشمیر ڈاکٹر راجہ محمد عارف نے نومنتخب صدر راجہ ممتاز خان اور سیکرٹری جنرل سید صدیق حسین شاہ سے حلف لیا۔

تقریب میں سابق بیوروکریٹس، پنشنرز، سول سوسائٹی نمائندگان اور مختلف تنظیموں کے سربراہان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز قومی پرچم لہرا کر کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین بشیر احمد ڈار، بشیر ترین، قاضی صدیق، کبیر اعوان، رمضان مغل، سید الماس حسین شاہ و دیگر نے خطابات کیے۔

مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنشنرز ریاستی دفاع کے لیے ہمیشہ مستعد اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پہلگام حملہ بھارت کی اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ کشمیر و فلسطین کے دیرینہ مسائل خطے کے امن کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے پنشنرز کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں بیوہ بیٹی کی پنشن بند کرنا ظلم عظیم ہے جسے فوری بحال کیا جائے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ بقایا جات 10 فیصد کے مطابق فوری ادا کیے جائیں، پنشن میں 50 فیصد اور مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی 25 فیصد کا خصوصی اضافہ کیا جائے۔

مقررین نے اعلان کیا کہ پنشنرز ایسوسی ایشن “پنشن بچاؤ مہم” کا آغاز کرے گی اور تمام حاضر سروس تنظیموں و پاکستان کی پنشنرز یونینز کے ساتھ مل کر ملک گیر سطح پر تحریکی عمل شروع کیا جائے گا۔ وفاقی بجٹ سے قبل آزادکشمیر کے مختلف اضلاع کا دورہ کر کے مطالبات حکومت تک پہنچائے جائیں گے۔

اختتام پر حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا گیا کہ پنشنرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ بزرگ شہریوں کو عزت و احترام کے ساتھ بنیادی مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں