15

دی مسلم 500′ کی 2027ء کی فہرست جاری،رجب طیب اردوان ،شاہ سلمان بن عبدالعزیز ،شہزادہ محمد بن سلمان ،شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پہلی پوزیشن

فہرست میں پاکستان کے ممتاز عالمِ دین مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل ، اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن بھی شامل ہیں
اسلام آباد ( پرل نیوز): اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم تحقیقی ادارے ‘رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر’ (آر آئی ایس ایس سی) نے اپنی سالانہ اشاعت ‘دی مسلم 500: دنیا کی 500 بااثر ترین مسلم شخصیات’ کا 2027ء کا ایڈیشن جاری کر دیا ہے، جس میں پاکستان اور کشمیر کی اہم سیاسی، عسکری اور مذہبی شخصیات کو نمایاں مقام دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2027ء کے ایڈیشن میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو مشترکہ طور پر ‘پہلے نمبر’ پر رکھا گیا ہے۔ اشاعت کے مطابق ان پانچ رہنماؤں کو سرِفہرست رکھنے کی بنیادی وجہ 7 اگست 2026ء کو طے پانے والا تاریخی ‘مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ’ ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کی معاشی قوت، ترکیہ کی جدید ٹیکنالوجی و صنعت اور پاکستان کی عسکری صلاحیت کو ایک اجتماعی دفاعی اتحاد میں یکجا کرتا ہے۔ اس سہ فریقی معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔فہرست میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن پاکستان کے ممتاز عالمِ دین مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل ، اور بھی شامل ہیں مفتی محمد تقی عثمانی کو ساتویں نمبر پر جگہ دی گئی ہے، جبکہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم، ایران کے مجتبیٰ خامنہ ای، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بھی نمایاں شخصیات میں شامل ہیں۔ اشاعت میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن اس سے قبل 2025ء اور 2026ء کے ایڈیشنز میں شامل رہ چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 21 کروڑ 26 لاکھ ہیجو عالمی آبادی کا 26.66 فیصد بنتی ہے۔دی مسلم 500 کے 2027 ایڈیشن کی نمایاں بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ مشترکہ طور پر 5 شخصیات کو نمبر ون قرار دیا گیا ہے۔پاکستانی نژاد معروف دانشور پروفیسر اکبر احمد کو بھی ٹاپ 50 میں 29ویں پوزیشن دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں سابق وزیراعظم عمران خان، صحافی حامد میر، سائنس دان ڈاکٹر عطا الرحمٰن، گلوکارہ عابدہ پروین، سماجی کارکن منیبہ مزاری، فلم ساز شرمین عبید چنائے، ڈاکٹر فرحت ہاشمی، جاوید احمد غامدی، مفتی تقی عثمانی اور دیگر نام بھی رپورٹ کی مختلف فہرستوں میں شامل ہیں۔رپورٹ میں فلسطین کے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو 2027 کا ‘مین آف دی ایٔر’ قرار دیا گیا ہے۔ شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو اپنے مریضوں کو نہ چھوڑنے اور جنگ کے دوران طبی خدمات جاری رکھنے پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہیں 27 دسمبر 2024 کو اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا تھا اور وہ طویل عرصے سے اسرائیلی حراست میں ہیں۔ ایران کی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو ‘وومن آف دی ایٔر’ قرار دیا گیا ہے۔ وہ 28 فروری 2026 کو ایران کے شہر میناب میں شجرہ طیبہ اسکول پر میزائل حملے میں زندہ بچ گئی تھیں۔ دی مسلم 500 میں ٹاپ 50 شخصیات کے علاوہ مزید 450 افراد کو مختلف شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاہم ان کی درجہ بندی نہیں کی گئی۔ان شعبوں میں مذہبی اسکالرز، سیاست دان، مذہبی امور کے منتظمین، مبلغین، فلاحی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے وابستہ افراد، سماجی کارکن، کاروباری شخصیات، سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین، فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد، قرآنی قاری، میڈیا، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور کھلاڑی شامل ہیں۔ رپورٹ میں انتہا پسند شخصیات کا الگ حصہ بھی رکھا گیا ہے جب کہ نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو اعزازی تذکروں میں جگہ دی گئی ہے۔رپورٹ کے خصوصی حصے میں غزہ کی تباہی اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد، آبادکاروں کے حملوں، جبری بے دخلی اور اسرائیلی آبادکاری کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مسلم دنیا میں گزشتہ ایک سال کے اہم سیاسی، معاشی اور سماجی واقعات کا جائزہ، اسلام کے مختلف مکاتب فکر کا تعارف، نمایاں شخصیات کے تعزیتی خاکے، مہمان مصنفین کے مضامین اور دنیا بھر میں مسلمانوں کی آبادی کے اعدادوشمار بھی شامل کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے آخری حصوں میں کتابوں کے تعارف، اہم عالمی واقعات کی ٹائم لائن اور فیس بک، ایکس، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب سے متعلق سوشل میڈیا اعدادوشمار بھی پیش کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب، اسی اشاعت میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے معروف مذہبی و سیاسی رہنما میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کو مسلسل 13ویں مرتبہ دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ انہیں سیاسی شخصیات کے زمرے میں کشمیر کے چودھویں میرواعظ کے طور پر متعارف کراتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے 1990ء میں اپنے والد مولوی محمد فاروق کے قتل کے بعد محض 17 برس کی عمر میں دینی قیادت سنبھالی اور تب سے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کے مرکزی خطیب کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ‘دی مسلم 500’ کی رپورٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مذاکرات، اور بھارت و پاکستان کے درمیان پرامن بات چیت سے متعلق میرواعظ عمر فاروق کے دیرینہ موقف کو سراہا گیا ہے۔ اشاعت میں اگست 2019ء سے ستمبر 2023ء تک ان کی طویل خانہ نظربندی اور تاحال حکام کی جانب سے وقفے وقفے سے عائد کی جانے والی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ روایتی دینی قیادت اور انسانی حقوق کی وکالت کے درمیان مؤثر ہم آہنگی قائم رکھے ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں