صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی خان جامعہ پونچھ کے 34ویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 20

جامعہ پونچھ کے سینیٹ اجلاس میں 1.8 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری

کیو ایس ایشین یونیورسٹی رینکنگ میں آزاد کشمیر میں پہلی اور ملک بھر میں 35ویں پوزیشن حاصل کرنے پر جامعہ کی ٹیم کو مبارکباد

اسلام آباد:(پرل نیوز) جامعہ پونچھ راولاکوٹ کے سینیٹ کا 34واں اجلاس 10 نومبر 2026 کو صدارتی سیکریٹریٹ، کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت جامعہ کے چانسلر اور صدرِ آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کی۔

کیو ایس رینکنگ میں آزاد کشمیر میں پہلی پوزیشن

اجلاس کے آغاز میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ کیو ایس ایشین یونیورسٹی رینکنگ میں یونیورسٹی آف پونچھ نے آزاد کشمیر میں پہلی اور ملک بھر میں 35ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

چانسلر نے اس کامیابی پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود جامعہ کی یہ کامیابی قابلِ تحسین ہے اور اس کے پیچھے اساتذہ اور انتظامیہ کی مسلسل محنت کارفرما ہے۔

مالی سال 2026-27 کا بجٹ منظور

ٹریژر جامعہ پونچھ عدنان جاوید نے بجٹ کے حوالے سے ایوان کو بریفنگ دی۔ سینیٹ نے مالی سال 2026-27 کے لیے جامعہ کے 1.8 ارب روپے کے بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے کہا کہ بجٹ میں تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل مختص کیے گئے ہیں تاکہ تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں کو تقویت ملے، ادارہ جاتی نظم و نسق مزید مستحکم ہو اور جامعہ کے ترقیاتی اہداف کی تکمیل کی راہ ہموار ہوسکے۔

اعلیٰ فورمز کے لیے نامزدگیوں کی توثیق

سینیٹ نے آزاد جموں و کشمیر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز ایکٹ 2026 کی روشنی میں سنڈیکیٹ، سینیٹ، اکیڈمک کونسل اور سلیکشن بورڈ سمیت جامعہ کے مختلف اعلیٰ فورمز کے لیے ممبران کی نامزدگیوں کی توثیق کرتے ہوئے منظوری دی۔

نئے تعلیمی پروگرام متعارف کرانے کی ہدایت

چانسلر نے ہدایت کی کہ جامعہ تعلیمی اور تحقیقی معیار کو مزید بلند کرنے پر توجہ دے اور ایسے نئے تعلیمی پروگرام متعارف کرائے جو علاقائی اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں، تاکہ طلبہ عملی میدان میں کامیابی کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ ہوکر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف پونچھ ایک معتبر تعلیمی ادارہ ہے اور پونچھ سمیت پورے آزاد کشمیر کی ترقی میں اس کا کردار نہایت اہم ہے۔ صدر ریاست و چانسلر کو بتایا گیا کہ جامعہ میں انتظامی امور بدستور جاری ہیں اور تدریسی و تحقیقی سرگرمیاں بہت جلد مکمل طور پر بحال کردی جائیں گی۔

سینیٹ اجلاس کے شرکاء

اجلاس کے اختتام پر سینیٹ ممبران نے تعلیمی معیار، مؤثر نظم و نسق، تحقیق کے فروغ اور جامعہ کی مسلسل ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی فرزانہ یعقوب، سیکریٹری صدارتی امور سردار ظفر خان، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر امتیاز حسین، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر (ر) ڈاکٹر غلام غوث، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر غلام نبی، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے نامزد نمائندے ڈائریکٹر جنرل پی اینڈ ڈی ہدایت اللہ خان، نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر سائر سرور، ڈائریکٹر جنرل آڈٹ حکومت آزاد جموں و کشمیر محمد سعید اللہ خان نیازی، صدر سدھن ایجوکیشن کانفرنس سردار شاہزیب شبیر خان، سیکریٹری فنانس حکومت آزاد جموں و کشمیر حسن مسعود کے نمائندگان، رجسٹرار جامعہ پونچھ و سیکریٹری سینیٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالخالق، ڈاکٹر ماجد محمود، ڈاکٹر جنید رحیم اور کنول محمود نے شرکت کی۔

مزید علاقائی خبروں کے لیے آزاد کشمیر سیکشن ملاحظہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں