مظفرآباد میں یومِ اقبال کے خصوصی مشاعرے کی مہمان خصوصی مریم کشمیری کی آمد 18

مظفرآباد میں یومِ اقبال پر ’’نظریہ پاکستان، اقبال اور کشمیر‘‘ مشاعرہ

اقبال کے فلسفۂ خودی پر عمل پیرا ہو کر نوجوان نسل اپنی درست سمت کا تعین کرسکتی ہے، مریم کشمیری

مظفرآباد:(پرل نیوز) آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیرِ اہتمام 9 نومبر یومِ اقبال کے موقع پر ’’نظریہ پاکستان، اقبال اور کشمیر‘‘ کے عنوان سے خصوصی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی رکن قانون ساز اسمبلی مریم کشمیری تھیں، جبکہ صدارت سیکریٹری کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز جاوید الحسن جاوید نے کی۔ ڈائریکٹر جنرل کلچرل اکیڈمی فیضان خان مغل نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔

مشاعرے میں سول سوسائٹی، ضلع کونسل کے ارکان، اہلِ قلم اور نامور شعرا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اقبال کا فلسفۂ خودی نوجوانوں کے لیے رہنمائی

مہمانِ خصوصی رکن قانون ساز اسمبلی مریم کشمیری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کے فلسفۂ خودی پر عمل پیرا ہو کر نوجوان نسل اپنی درست سمت کا تعین کرسکتی ہے۔ علامہ اقبال نے 1930ء کے خطبۂ الٰہ آباد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جداگانہ سیاسی وحدت کا تصور پیش کیا، جسے قائداعظم کی جدوجہد نے عملی تعبیر دی۔

انہوں نے کہا: ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے اور ہماری منزل پاکستان ہے۔‘‘

ادبی و ثقافتی خدمات کو خراجِ تحسین

صدرِ تقریب جاوید الحسن جاوید اور مہمانِ خصوصی نے کامیاب مشاعرے کے انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل فیضان خان مغل کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کلچرل اکیڈمی میں ثقافت و ادب کے فروغ کے لیے ان کی شبانہ روز کاوشوں کو سراہتے ہوئے حکومتی سرپرستی اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

جاوید الحسن جاوید نے کہا کہ نظریۂ پاکستان، اقبال اور کشمیر کا گہرا تاریخی و فکری تعلق ہے۔ اقبال کے افکار اور پیغام کو گھر گھر پہنچانے اور نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا تسلسل ضروری ہے۔

کشمیر اور پاکستان کا تاریخی و نظریاتی رشتہ

ڈائریکٹر جنرل فیضان خان مغل نے کہا کہ علامہ اقبال کا تعلق کشمیر سے تھا اور انہوں نے مسلمانوں کے سیاسی مستقبل کا تصور پیش کیا، جسے قائداعظم کی جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947ء کو قیامِ پاکستان کی صورت میں عملی تعبیر ملی۔ اقبال نے اپنی شاعری میں کشمیر کے حسن اور مسلمانوں کی بیداری کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ تاریخی، نظریاتی اور جذباتی ہے اور دونوں ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوسکتے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی خصوصی ہدایات پر آزاد کشمیر میں ادبی، ثقافتی اور آرٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جارہا ہے اور حکومتی سرپرستی میں کلچرل اکیڈمی بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔

فیضان خان مغل نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر و ترقی کے لیے وقت اور تسلسل ضروری ہے اور انہیں یقین ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر میں ترقی کا نیا دور شروع کریں گے۔

نامور شعرا نے کلام پیش کیا

تقریب میں ضلع کونسل کے ارکان بشارت خان مغل، میر امتیاز احمد، خواجہ امتیاز احمد، چیئرمین تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی عبدالرزاق خان، سیکریٹری جنرل پریس کلب شہزاد لولابی، رستم چارلی، سائرہ چشتی، چوہدری رفیق، میاں یوسف، عثمان جہانگیر مغل، سرور ساغر، سید مظہر شاہ اور آصف مغل سمیت سول سوسائٹی کی متعدد شخصیات نے شرکت کی۔

مشاعرے میں ناز مظفرآبادی، ایم یامین، ڈاکٹر آمنہ بہار، پروفیسر اعجاز نعمانی، ڈاکٹر فرزانہ فرح، عبدالبصیر تاجور، سید یاسر عباس نقوی، سعید ارشد، علی عارفین، قاسم سلیمانی، جاوید اختر، عبدالعزیز زخمی، عامر شہزاد ہاشمی اور صائم خان راست سمیت سینئر شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ مشاعرے کی نظامت نامور شاعر حق نواز مغل نے کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں