پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدے پر دستخط کی علامتی تصویر 24

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدے پر دستخط

معاہدے کا مقصد پاکستانی عازمینِ حج کے سفر کو آسان اور بہتر سہولتوں سے آراستہ بنانا ہے، سردار محمد یوسف

جدہ:(پرل نیوز) عالمی حج کانفرنس و ایکسپو کے دوسرے روز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی وزیر حج و عمرہ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر سعودی وزیر حج نے سردار محمد یوسف کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی خصوصی تصاویر اور یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

پاکستانی عازمین کے سفر میں آسانی

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ معاہدے کا بنیادی مقصد پاکستانی عازمینِ حج کے سفر کو آسان بنانا اور انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے حج انتظامات، رہائش اور دیگر خدمات کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

13 لاکھ سے زائد بستروں کا انتظام

دوسری جانب سعودی عرب نے 1448 ہجری کے آئندہ حج سیزن کے لیے عازمین کی رہائش کی غرض سے 13 لاکھ سے زائد بستروں کا انتظام کرلیا ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تقریباً 4 ہزار رہائشی عمارتیں دستیاب ہوں گی، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 4 لاکھ کمرے موجود ہیں۔

سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے حج کانفرنس اور نمائش سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ حج سیزن کے لیے عازمین کی رہائش کے لیے مختص تمام عمارتوں کو لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدام حج انتظامات کی بروقت تیاریوں کا حصہ ہے۔ عارضی رہائشی سہولتوں کے ذریعے بھی عازمین کے لیے تقریباً 5 لاکھ 60 ہزار بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔

رہائشی عمارتوں کی کڑی جانچ

احمد الخطیب نے بتایا کہ گزشتہ سال سے وزارتِ سیاحت کو حج عازمین کی رہائش کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وزارت حج و عمرہ کے تعاون اور وزیر داخلہ کی سربراہی میں قائم سپریم حج کمیٹی کی نگرانی میں تقریباً 400 ایسی عمارتوں کو فہرست سے خارج کردیا گیا ہے جو ضروری شرائط پوری نہیں کرتی تھیں۔

عمارتوں کا جائزہ لیتے وقت ان کی ساختی مضبوطی، ہنگامی اخراج کے راستوں، مجموعی حفاظت، تیاری اور عازمین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اس عمل میں محکمہ شہری دفاع بھی متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔

عازمین کے اطمینان کی شرح 93 فیصد

سعودی وزیر سیاحت کے مطابق عازمینِ حج کی مجموعی اطمینان کی شرح 93 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائش کا معیار عازمین کے مجموعی تجربے پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ اگر رہائشی سہولتیں معیاری نہ ہوں تو ہوائی اڈوں اور ٹرانسپورٹ کی بہترین خدمات کے باوجود عازمین کا اطمینان متاثر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کے ذریعے عازمینِ حج کو مناسب رہائش اور معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں