سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کا اہم فیصلہ: گریڈ 1 سے 15 تک کی آسامیوں پر حلقہ، ضلع اور ڈویژن کی بنیاد پر کوٹہ بحال، گریڈ 16 اور اوپر اوپن میرٹ برقرار
مظفرآباد (پرل نیوز)سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں داخلوں کا کوٹہ جزوی طور پر بحال کر دیا ہے۔ چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کوٹہ بحالی سے متعلق دائر متعدد اپیلوں پر محفوظ کیا گیا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، جبکہ کیس کی پیروی سینئر قانون دان راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ و دیگر وکلاء نے کی۔ تفصیلی فیصلے کے مطابق، سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں اوپن میرٹ سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کو ضروری ترامیم کے ساتھ برقرار رکھتے ہوئے بھرتیوں کے لیے درج ذیل طریقہ کار طے کیا ہے:گریڈ 16 اور اس سے اوپر: تمام سرکاری آسامیوں پر باشندگانِ ریاست کی بنیاد پر خالصتاً اوپن میرٹ کے تحت بھرتیاں ہوں گی۔گریڈ 8 سے 15 تک: سرکاری آسامیوں پر متعلقہ ضلعی سطح پر اوپن میرٹ کے مطابق تقرریاں کی جائیں گی۔گریڈ 1 سے 7 تک: تمام سرکاری آسامیوں پر متعلقہ انتخابی حلقے کی بنیاد پر بھرتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ڈویژنل سطح کے ادارے: ان اداروں میں گریڈ 1 سے 15 تک کی آسامیوں پر متعلقہ ڈویژن کے امیدواروں کو اوپن میرٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔ مظفرآباد میں قائم ریاستی سطح کے اداروں کی گریڈ 1 اور اس سے اوپر کی تمام آسامیوں پر باشندگانِ ریاست کی اوپن میرٹ پر بھرتیاں ہوں گی۔تعلیمی اداروں میں داخلوں کے حوالے سے سپریم کورٹ نے پاکستان کے صوبائی اور وفاقی تعلیمی اداروں میں داخلوں سے متعلق ہائی کورٹ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں میں داخلوں کے لیے نامزدگیوں کا معاملہ متعلقہ قوانین کے مطابق طے ہوگا۔ عدالت عظمیٰ نے واضح کیا کہ اس فیصلے سے قبل رائج قانون کے تحت ہونے والی بھرتیوں اور تعلیمی اداروں میں دیے گئے داخلوں پر یہ فیصلہ اثر انداز نہیں ہوگا، تاہم عدالت نے آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کی 18 اگست 2025 کی پریس ریلیز کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے لیے کی گئی قانون سازی کے بعد ہائی کورٹ نے بھی اس فیصلے کی توثیق کی تھی، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔
4