35 ارب روپے کے ڈالرز سرکاری بینکنگ چینل (ایل سیز) کے ذریعے قانونی تجارت کی آڑ میں چین، عرب امارات اور سنگاپور سمیت 10 ممالک میں منتقل کیے گئے. سینیٹ کمیٹی
اسلام آباد ( پرل نیوز) خیبر پختونخوا کے دو بھائیوں نے پشاور کے ایک پلازے میں چھوٹی سی دکان کھولی، دس ہزار روپے میں اپنی کمپنی رجسٹرڈ کرائی اور پھر لاہور جا کر 13 بنک برانچوں میں اس کمپنی کے نام پر بنک اکاونٹس کھول کر ان میں 120ارب روپے کیش جمع کرا کے اس کے بدلے اسٹیٹ بنک سے سولرز پینل کی امپورٹ کے نام پر ڈالرز لے کر بیرون ملک منی لانڈرنگ کرتے رہے۔ سستے سولر پینل لے کر مہنگے شو کر کے ڈالرز باہر بھیجے گئے۔ یہ واقعہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے تجارتی منی لانڈرنگ اسکینڈلز میں سے ایک بتایا جاتاہے، جس کی تفصیلات نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیررازم اتھارٹی کے چیئرمین مشتاق احمد سکھیرا نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کے اجلاس میں پیش کیں۔تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق پشاور کے دو بھائیوں رب نواز اور احمد نواز نے اپنے ایک ملازم کے ساتھ مل کر پشاور اور لاہور میں سات جعلی (شیل) کمپنیوں کا نیٹ ورک بنایا، جن میں “برائٹ اسٹار” اور “مون لائٹ ٹریڈرز” نمایاں ہیں۔پشاور میں ایک چھوٹی سی دکان اور محض چند ہزار روپے کے ظاہر کردہ سرمائے سے کمپنیاں رجسٹر کرائیں، جبکہ لاہور کی مختلف کمرشل بینک برانچوں میں ان اکاؤنٹس کے ذریعے 120 ارب روپے (اور مجموعی نیٹ ورک میں 140 ارب روپے تک) کی کیش ٹرانزیکشنز کی گئیں۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک بلڈوزر ڈرائیور (ملازم) کے بینک اکاؤنٹ میں بھی 12 ارب روپے کی خطیر رقم پائی گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عام شہریوں کے شناختی کارڈز اور اکاؤنٹس کو فرنٹ مین کے طور پر استعمال کیا گیا۔ • تحقیقاتی اداروں (ایف بی آر اور کسٹمز) کی رپورٹس کے مطابق یہ رقم پشاور سے کنٹینرز میں نہیں آتی تھی، بلکہ ملک بھر میں پھیلے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کا کالا دھن لاہور میں براہِ راست ان کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس میں کیش کی صورت میں جمع کرایا جاتا تھا۔یہ نیٹ ورک درحقیقت ان لوگوں کے لیے “لانڈری” کا کام کر رہا تھا جو اپنا غیر قانونی پیسہ پاکستانی روپے میں جمع کرا کے بیرونِ ملک ڈالرز کی صورت میں منتقل کرنا چاہتے تھے۔ چونکہ پاکستان میں سولر پینلز کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی صفر تھی، اس لیے ملزمان نے درآمدی بلوں میں ہیرا پھیری ( اوور انوائسنگ) کو ہتھیار بنایا۔ چین سے درآمد کیے جانے والے جن سولر پینلز کی اصل قیمت 0.15 ڈالر فی واٹ تھی، کاغذات میں ان کی قیمت 0.35 سے 0.70 ڈالر فی واٹ تک ظاہر کی گئی۔ کاغذوں میں سولر پینلز کی قیمت 120 ارب روپے دکھائی گئی جبکہ ان کی اصل مالیت تقریباً 85 ارب روپے تھی۔ اس طرح اضافی 35 ارب روپے سے زائد کے ڈالرز سرکاری بینکنگ چینل (ایل سیز) کے ذریعے قانونی تجارت کی آڑ میں چین، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور سنگاپور سمیت 10 سے زائد ممالک میں منتقل کر دیے گئے. سینیٹ کمیٹی نے اس بات پر شدید حیرت اور شبہ ظاہر کیا کہ کمرشل بینکوں کے عملے کی ملی بھگت کے بغیر ایک معمولی دکاندار یا ڈرائیور کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کیش جمع ہونا اور فوری نکل جانا ناممکن ہے۔ قوانین کے تحت مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹ (ایس ٹی آر)فوری طور پر فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو بھیجنا لازم ہوتی ہے، جسے نظر انداز کیا گیا۔ 2017 سے 2022 کے دوران اسٹیٹ بینک کا نگرانی کا نظام اس بڑے پیمانے پر ہونے والی اوور انوائسنگ کو بروقت پکڑنے میں ناکام رہا۔ معاملہ کھلنے کے بعد اسٹیٹ بینک نے غفلت برتنے پر عسکری بینک پر 4 کروڑ روپے اور دبئی اسلامک بینک پر 2 کروڑ 70 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، جسے پارلیمانی کمیٹیوں نے اتنے بڑے جرم کے مقابلے میں انتہائی ناکافی قرار دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں کچھ افراد کی گرفتاری اور ضمانت پر رہائی عمل میں آئی، تاہم مرکزی ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر اور روپوش ہیں، جس پر سینیٹ کمیٹی نے بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ کسٹمز ایڈجوڈیکیشن اتھارٹی نے ملوث کمپنیوں پر 111 ارب روپے کے جرمانے عائد کیے تھے۔ اب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے بینکنگ قوانین سخت کرنے اور بینکوں کے احتساب کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔
#