سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں فل کورٹ ریفرنس، چیف جسٹس کا بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل 0

سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں فل کورٹ ریفرنس، چیف جسٹس کا بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل

ڈیلی پرل ویو .مظفرآباد: سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں عدالتی کارروائی کے آغاز پر چیف جسٹس جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں فل کورٹ ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ریفرنس میں سپریم کورٹ کے معزز ججز، ایڈووکیٹ جنرل، سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ بار، سنٹرل بار کے عہدیداران، سینئر وکلاء اور عدالتی افسران نے شرکت کی۔

ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے بھارت کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری کو بزدلانہ اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کا مقصد معصوم شہریوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانا ہے، لیکن ایسے اقدامات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی ان حرکات کا فوری نوٹس لے۔

چیف جسٹس نے زور دیا کہ عدالتیں، سرکاری دفاتر اور کاروباری ادارے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور عوام نے سڑکوں پر نکل کر اتحاد اور یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج اور فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن کے طیاروں کو پرواز سے قبل ہی نشانہ بنا کر تاریخ رقم کی۔

انہوں نے بھارتی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی اور کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔

ریفرنس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ سپریم کورٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات، جو 8 سے 10 مئی تک ہونا تھیں، موجودہ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر موخر کر دی گئی ہیں۔ ان تقریبات میں چیف جسٹس پاکستان، صوبائی چیف جسٹس صاحبان، اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل و دیگر بار ایسوسی ایشنز اور عدالتی نظام سے وابستہ اہم شخصیات کی شرکت طے تھی۔

چیف جسٹس نے تمام معزز مہمانوں اور وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تقریبات کے لیے نئی تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا تاکہ آزادی کشمیر کے مثبت پیغام کو ایک بار پھر دنیا تک پہنچایا جا سکے۔

ریفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام پاکستان، مسلح افواج کی کامیابی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی صحتیابی کی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں