ڈیلی پرل ویو .مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی کھلی جارحیت کے خلاف آزاد کشمیر کے عوام اور تمام سیاسی قیادت یک زبان اور یکجہت ہیں۔
صدر ریاست نے ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان، اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی علاقائی خودمختاری کے دفاع میں بہادر پاکستانی فوج ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔
صدر بیرسٹر سلطان محمود نے بھارتی جارحیت پر پاکستان کی جانب سے بھرپور اور مؤثر ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے مودی کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے اور لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب کئی فوجی تنصیبات کو تباہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم مودی سرکار کی جنگی جنونیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔” صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی قیادت اور عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارت کے خلاف لڑنے کو تیار ہیں۔
صدر نے بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں اور عبادت گاہوں پر رات کی تاریکی میں حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے جنگی جرائم کو جواب دیے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے کو ممکنہ ایٹمی جنگ سے بچانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور صورتحال کا فوری نوٹس لے۔
صدر نے پہلگام واقعہ کے بعد کشمیریوں پر بڑھتی بھارتی بربریت کی بھی شدید مذمت کی اور مسئلہ کشمیر کو تمام تنازعات کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔