کم بارشوں، طویل خشک موسم اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث پانی کی قلت اور زرعی پیداوار متاثر ہونے لگی
اسلام آباد(پرل نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے کم بارشوں کے باعث سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خشک سالی کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں خشک سالی کا شدید خطرہ ہے، جبکہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک بھی خشک سالی کی صورتحال سے متاثر ہیں۔ اعلامیے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خشک سالی کے خطرے کے پیش نظر نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ کم بارشیں، طویل خشک موسم اور درجہ حرارت میں اضافہ خشک سالی کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے ایک سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ پانی کی قلت کے باعث زرعی سرگرمیاں اور فصلوں کی پیداوار شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق فصلوں کی پیداوار میں کمی سے غذائی عدم تحفظ کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو آبی وسائل کے مؤثر استعمال، پانی کی دستیابی بہتر بنانے اور متاثرہ آبادی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ترجمان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ فصلوں اور مویشیوں کو خشک سالی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے متعلقہ محکموں کی ہدایات پر عمل کریں اور پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں۔
19