1

پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں ہراکر سیریز ایک صفر سے جیت لی

اس سے قبل کھیلی گئی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔
راولپنڈی( پرل نیوز): پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں ہراکر سیریز ایک صفر سے جیت لی ۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ اور سیریز جیتنے کے لیے 90 رنز کا آسان ہدف ملا تھا پاکستان نے ہدف اسانی سے پورا کر دیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر سری لنکا نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے تھے اور اسے مجموعی طور پر 82 رنز کی برتری حاصل تھی۔ چوتھے روز کھیل کے آغاز پر پہلے ہی سیشن میں سری لنکا کی آخری وکٹ گر گئی اور پوری ٹیم 316 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں فاسٹ بولر محمد عباس اور عامر جمال نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رضا اللّٰہ نے 2 جبکہ سلمان علی آغا اور ثاقب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکن بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی تھی اور پوری ٹیم محض 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ پہلی اننگز میں بھی محمد عباس نے 14، رضا اللّٰہ نے 21 اور عامر جمال نے 24 رنز کے عوض 3، 3 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ایک وکٹ ثاقب خان کے حصے میں آئی تھی۔ جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز اسکور کر کے 227 رنز کی فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا رہا تھا، جبکہ اس سے قبل کھیلی گئی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

#S

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں