Anthropic IPO Celebration with Rising Stocks 6

اے آئی کمپنی کے 5 ہزار ملازمین ایک ہی دن میں کروڑ پتی بن گئے

اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں انٹری، 600 ملازمین کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئی
نیویارک (صباح نیوز)مصنوعی ذہانت کی امریکی کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں انٹری نے ہزاروں ملازمین کی قسمت بدل دی، کمپنی کے تقریباً 96 فیصد ملازمین کے حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئی، جبکہ سیکڑوں ملازمین کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے بھی زیادہ ہوگئی۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اپنے حصص کی ابتدائی قیمت 83 ڈالر فی شیٔر مقرر کی، جس کے بعد ملازمین کے پاس موجود حصص کی مالیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ رپورٹس کے مطابق ستمبر 2026 تک اینتھروپک کے ملازمین کی تعداد 5 ہزار 300 تھی، جن میں سے تقریباً 5 ہزار 100 ملازمین کے حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوگئی۔ اعدادوشمار کے مطابق تقریباً 2 ہزار 800 ملازمین کے حصص ایک کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے ہوگئے، جبکہ لگ بھگ 600 ملازمین ایسے ہیں جن کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔ کمپنی کے ملازمین کو اندرونی طور پر ”اینٹس” کہا جاتا ہے۔ نجی کمپنیوں کے حصص کی مالیت کا جائزہ لینے والے ادارے ہِل ڈاٹ کام کے مطابق اینتھروپک کے ملازمین نے انتہائی مختصر عرصے میں غیر معمولی مالی کامیابی حاصل کی ہے۔ ہِل ڈاٹ کام کے بانی اینڈریو بینسن کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ اتنے کم عرصے میں ملازمین کی دولت میں اتنا بڑا اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کی تیز رفتار ترقی کے باعث ملازمین نے ادارہ چھوڑنے کے بجائے اس کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی۔ 2021 میں قائم ہونے والی اینتھروپک کے ملازمین کی تعداد 2024 کے اختتام پر ایک ہزار سے بھی کم تھی، جو چند برسوں میں بڑھ کر 5 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ کمپنی کے حصص دینا نیا طریقہ نہیں، تاہم اینتھروپک کی خاص بات یہ ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت کے موقع پر بعض ملازمین کو پہلے ہی روز اپنے حصص کا کچھ حصہ فروخت کرکے رقم حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔ یوں مصنوعی ذہانت کی تیزی سے ترقی کرتی صنعت نے صرف کمپنی کے سرمایہ کاروں ہی نہیں بلکہ ہزاروں ملازمین کو بھی غیر معمولی مالی فائدہ پہنچایا۔ واضح رہے کہ حصص کی مالیت میں اضافے کا مطلب یہ نہیں کہ تمام ملازمین نے یہ رقم نقد وصول کرلی ہے، بلکہ یہ ان کے زیرملکیت حصص کی تخمینی مارکیٹ ویلیو ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں