وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ عورت رب تعالی کی نازک تخلیق اپنی ہر حیثیت میں قابل تکریم اور احترام کی حقدار ہے، اسلام وہ واحد مذہب جس نے عورت کو حقوق بھی دیئے اور ان حقوق کا تحفظ اور ان کے ادائیگی کو بھی یقینی بنایا ،صرف اسلام عورت کو تحفظ کا وہ حصار عطا کرتا ہے جو اس کو معاشرے میں معزز مقام دیتا ہے ،اسلام نے تمام رشتوں میں عورت کو مرکزی حیثیت دے کر خاندان کے تحفظ،تربیت اور تعمیر کا مرکز بنایا ہے۔ ” جنت ماں کے قدموں تلے ہے” اسی بات سے اسلام میں عورت کے مقام کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ کشمیر کا سلگتا ہوا مسئلہ اور کشمیری خواتین کی لامتناہی جدوجہد سخت توجہ کی طلبگار ہے۔ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی مظلوم اور ظلم و ستم کا شکار خواتین جنھوں نے جان مال اولاد گھر بار اور ہر طرح کا نقصان برداشت کیا بنیادی ضروریات زندگی کی طرف سے سخت آزمائش اٹھائی ،غم و الم سہے اس وقت یوم خواتین کا عنوان ہیں ان کی استقامت ، بہادری ، جرات اور ناقابل تسخیر صبر و تحمل کی دنیا گواہ ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی یوم خواتین عورت کے اصل حقوق کی بحالی کا دن ہے اس دن کو خواتین میں اسلام کے دیئے ہوئے مقام کی بحالی اور اس کی حیثیت کی یاد دھانی کے طور پر منایا جانا چاہیئے۔ مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ عورت جب اسلام کے سایہ رحمت سے دور ہوتی ہے تو وہ خود کو معاشرے کی بدسلوکیوں کے لیئے پیش کردیتی ہے۔ اسلام عورت کو اپنی صلاحیتیں پروان چڑھانے اور ترقی کے تمام ذرائع و مواقع فراہم کرتا ہے، معاشی سرگرمیوں و کاروبار کی اجازت دیتا ہے، تعلیم کے حصول کی نہ صرف اجازت بلکہ حوصلہ افزائی کرتا ہے، اور ان تمام امور کی انجام دہی کے لیئے مرد کو اس کا مددگار بنادیتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ عورت کو اس کے اصل حقوق کی فراہمی نہ صرف گھر بلکہ معاشرے کی بقا اور تعمیر کے لیئے لازمی ہے۔
