آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بھارت نے دو قومی نظریے کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا ۔یہ بھارت ہے جو ہر دم پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا ۔۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کا ویژن تھا کہ انہوں نے ہندو انتہا پسندانہ ذہنیت کو بھانپ لیا تھا اور مسلمانوں کیلیے علحدہ وطن کیلیے جدوجہد کی جو مسلم امہ کی امیدوں کا مرکز بنا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل سے ایٹمی طاقت اور خطے میں بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بھارت ہے جو بغل میں چھری اور منہ میں رام رام کی پالیسی پر عمل پیرا ہے حالانکہ وہ خطے میں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ ہے کلبوشن یادیو اسکا ژندہ ثبوت ہے جسے تخریبی کارروائیوں کیلیے لانچ کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں سکھ رہنماء کے قتل سے بھارت بین الاقومی سطح پر دہشت گردی کا مرتکب ہوا ۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت گزشتہ 78 سال سے مقبوضہ کشمیر میں آگ و خون کی ہولی کھیل رہا ہے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کو غصب کیا گیا ہے اور ان کی شہری آزادیوں کو سلب کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کا مقدمہ خود اقوام متحدہ میں لیکر گیا مگر پھر اپنے وعدوں سے مکر گیا ،انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد یا بدیر مقبوضہ کشمیر بھارتی چنگل سے آزاد ہو گا اور ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا
