صرف 31 فیصد امریکیوں کی ایران جنگ کی حمایت، ریپبلکنز میں ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس مقبول
واشنگٹن (پرل نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی مجموعی مقبولیت 32 فیصد پر برقرار ہے، جو ان کی صدارت کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔ ایک تازہ سروے میں صرف 31 فیصد امریکی شہریوں نے ایران کے ساتھ جنگ کی حمایت کی ہے، جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹ رہنما چک شومر کی مقبولیت میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز اور اِپسوس کے چار روزہ سروے کے مطابق 32 فیصد امریکی شہری صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدر کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اکتوبر کے وسط سے کیے گئے مسلسل چار سرویز میں ان کی مقبولیت تقریباً اسی سطح پر برقرار رہی ہے، جبکہ اس سے قبل ایک سروے میں ان کی مقبولیت 31 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ سروے کے نتائج کے مطابق رواں سال صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جس کی اہم وجوہات میں ایران کے ساتھ جنگ اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہیں۔ ایندھن مہنگا ہونے سے امریکی شہریوں کے گھریلو اخراجات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ سروے میں صرف 31 فیصد امریکیوں نے ایران جنگ کی حمایت کی۔ سروے میں ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سے متعلق بھی اہم نتائج سامنے آئے ہیں۔ امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما چک شومر کو اپنی جماعت کے اندر پسندیدگی کے مقابلے میں زیادہ مخالفت کا سامنا ہے۔ سروے کے مطابق 34 فیصد ڈیموکریٹس نے چک شومر کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا، جبکہ 43 فیصد نے منفی رائے دی۔ مزید 22 فیصد افراد نے کہا کہ وہ انہیں جانتے ہی نہیں۔ فروری میں ہونے والے سروے میں 38 فیصد ڈیموکریٹس نے چک شومر کے بارے میں مثبت جبکہ 37 فیصد نے منفی رائے دی تھی، جس سے ان کی مقبولیت میں کمی کا اندازہ ہوتا ہے۔ چک شومر کو میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وان ہولن کی جانب سے سینیٹ میں پارٹی قیادت کے لیے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔ دوسری جانب ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز اپنی جماعت میں شومر کے مقابلے میں زیادہ مقبول ہیں۔ سروے میں 40 فیصد ڈیموکریٹس نے ان کے بارے میں مثبت اور 29 فیصد نے منفی رائے دی، جبکہ 29 فیصد افراد ان کے نام سے واقف نہیں تھے۔ سروے کے مطابق ریپبلکن پارٹی میں قیادت کے حوالے سے نسبتاً زیادہ اتفاق پایا جاتا ہے۔ 75 فیصد ریپبلکنز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جبکہ 77 فیصد نے نائب صدر جے ڈی وینس کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا۔ رائٹرز اور اِپسوس کا یہ سروے آن لائن کیا گیا، جس میں امریکا بھر سے 1 ہزار 521 بالغ شہریوں نے حصہ لیا۔ سروے میں ممکنہ غلطی کا تناسب تقریباً تین فیصد پوائنٹس بتایا گیا ہے۔
12