عالمی مارکیٹ میں پینگولین کی غیر قانونی قیمت تقریباً 600 ڈالر فی کلو بتائی جاتی ہے
محکمہ وائلڈ لائف کوٹلی کی ٹیم نے جانور کا معائنہ کرکے اسے بحفاظت قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا
کوٹلی:(پرل نیوز) آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے دھمول میں محکمہ وائلڈ لائف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شہری کے گھر سے نایاب نسل کے جنگلی جانور پینگولین کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔ محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق پینگولین کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پروٹیکشن ٹیم کو فوری طور پر دھمول روانہ کیا گیا، جہاں ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نایاب جانور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
معائنے کے بعد قدرتی ماحول میں آزاد
ریسکیو کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کوٹلی کی ٹیم نے پینگولین کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس کے محفوظ ہونے کی تصدیق کے بعد اسے دوبارہ قدرتی ماحول میں آزاد کردیا۔
غیر قانونی تجارت کے باعث نسل کو خطرہ
رپورٹ کے مطابق پینگولین دنیا کے نایاب اور غیر قانونی تجارت کا نشانہ بننے والے جنگلی جانوروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے جسم پر موجود سخت چھلکوں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں غیر قانونی طور پر بھاری قیمت وصول کی جاتی ہے۔ ایک رپورٹ میں پاکستانی پینگولین کی قیمت تقریباً 600 امریکی ڈالر فی کلو بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پینگولین ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور بڑی تعداد میں دیمک اور چیونٹیاں کھاتا ہے۔ غیر قانونی شکار اور تجارت کے باعث اس کی نسل کو دنیا بھر میں خطرات لاحق ہیں۔
تصویر: علامتی