5

زیرِ سماعت مقدمات کی سوشل میڈیا پر من گھڑت تشہیر پر چیف جسٹس آزاد کشمیر ہائی کورٹ برہم، محکمہ اطلاعات سے ریکارڈ طلب

موقع آپ خود لیتے ہیں اور الزام عدالت پر عائد کرتے ہیں، عدلیہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے مرعوب کرنے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے: جسٹس لیاقت شاہین
مظفرآباد( پرل نیوز): عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس جسٹس لیاقت شاہین نے زیرِ سماعت مقدمات سے متعلق سوشل میڈیا پر خلافِ حقائق اور من گھڑت تشہیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ اطلاعات سے ریکارڈ طلب کر لیا، جس پر ناظم اطلاعات نے عدالت میں اصالتاً پیش ہو کر ریکارڈ جمع کرا دیا۔ جمعہ کے روز چیف جسٹس جسٹس لیاقت شاہین نے “یاسمین میر بنام آزاد حکومت” رٹ پٹیشن کی سماعت کی، جس میں درخواست گزار نے اپنے بھائی شوکت نواز میر کو عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔ سماعت کے دوران پٹیشنر کے وکیل شاہد علی اعوان ایڈووکیٹ نے بحث کرنے کے بجائے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ کے دوسرے بینچ کے پاس بھی اسی نوعیت کا مقدمہ زیرِ سماعت ہے، لہٰذا وہاں سے مناسب حکم آنے تک التوا دیا جائے۔ وکیل کی جانب سے تاریخ لینے کی استدعا پر چیف جسٹس نے شدید ناراضگی اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عدالت اس کیس کی سماعت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، آپ بحث کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے اندر آپ خود تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے التوا لیتے ہیں اور باہر سوشل میڈیا پر عدلیہ کی کردار کشی کی مہم چلائی جاتی ہے کہ عدالت کیس کی سماعت نہیں کر رہی، جو قطعی غیر مناسب طرزِ عمل ہے۔ چیف جسٹس جسٹس لیاقت شاہین نے واضح کیا کہ عدالتوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے مرعوب کرنے کی کوشش کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور اس معاملے میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ عدالتی وقار اور ساکھ کو متاثر کرنے کے ذمہ داران کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کو حکم دیا کہ آئندہ تاریخ پر عذرات (جواب) پیش کیے جائیں، عدالت اس کیس کو ہر صورت سنے گی۔ بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں