دل کا دورہ پڑنے سے انتقال، تحریک انصاف آزاد کشمیر کا تین روزہ سوگ کا اعلان
راولاکوٹ:(پرل نیوز) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے نائب صدر اور سابق امیدوار اسمبلی سردار نیئر ایوب دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ تحریک انصاف آزاد کشمیر نے ان کے انتقال پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
پارٹی اور علاقے کے لیے بڑا نقصان
سردار نیئر ایوب کا شمار تحریک انصاف کے سرگرم رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ پونچھ میں پارٹی کے اہم سیاسی رہنما کی حیثیت سے جانے جاتے تھے۔ ان کے ساتھیوں اور سیاسی حلقوں نے انہیں باوقار، باکردار، ملنسار اور انسان دوست شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات سے پارٹی ایک مخلص سیاسی رہنما اور علاقے کے عوام ایک ہمدرد شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں۔
نماز جنازہ کا شیڈول
مرحوم کی پہلی نماز جنازہ آج 26 نومبر بروز جمعرات سہ پہر 4 بجے جامع مسجد عمر فاروقؓ، عمر بلاک، بحریہ سفاری ویلی، فیز 8، بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں ادا کی جائے گی، جبکہ دوسری نماز جنازہ جمعہ 27 نومبر کو سہ پہر 3 بجے خان اشرف خان سپورٹس کمپلیکس راولاکوٹ میں ادا کی جائے گی۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے سردار نیئر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔