جہلم ویلی (ڈیلی پرل ویو) ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی فیصل مغل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عطاء الرحمان، آرمی افسران، ضلعی و انتظامی افسران اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی خدمات کی فراہمی اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام محکموں کے سربراہان نے اپنی کارکردگی، جاری منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔
محکمہ صحت کی جانب سے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، بیماریوں کی روک تھام کے لیے جاری مہمات اور نئے صحت منصوبوں پر پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ عوامی صحت کے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ شہری جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
اجلاس میں غیر رجسٹرڈ دینی مدارس اور تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی جبکہ نامکمل دستاویزات کے حامل اداروں کے معاملات فوری نمٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز مواد کے پھیلاؤ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ کسی بھی سرکاری ملازم کی جانب سے ایسے مواد کی تشہیر یا شیئرنگ پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں ضلع جہلم ویلی کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا گیا اور جرائم کی شرح میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے امن کے قیام کے لیے تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی کو روزانہ کی بنیاد پر فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کا پابند بنایا گیا۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں تک امدادی رقوم کی شفاف فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ جنگلات کے تحفظ اور غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا گیا۔
بجلی کے شعبے کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع کو مختلف زونز میں تقسیم کرکے بجلی چوری اور بقایا جات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ترسیلی لائنوں کی مرمت کے باعث ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
صفائی ستھرائی اور بلدیاتی امور کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون سے قبل تمام مشینری فعال رکھی جائے، صفائی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور گندگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
پٹرول پمپس پر روزانہ چیکنگ، ناپ تول کے نظام کی نگرانی اور ٹرانسپورٹ کرایوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔
اس موقع پر ایس پی جہلم ویلی عطاء الرحمان نے کہا کہ پولیس منشیات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں کر رہی ہے جبکہ نوجوانوں کو اس ناسور سے بچانے کے لیے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر فیصل مغل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری محکمے امانت، دیانت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہلم ویلی کی ترقی، امن و امان کے قیام اور عوامی خدمت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔