ڈیلی پرل ویو: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں قائم عوامی حکومت نے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے متاثرینِ منگلا ڈیم کے ذیلی کنبہ جات کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا عوام کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کر رہا ہوں ، ریاست کی سیاسی تاریخ میں اگر پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوار کو نکال دیا جائے تو ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر رہ جاتے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت اقتدار سے لطف اندوز ہونے کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ عوام کی بے چینی اور مشکلات کے خاتمے کے لیے قائم ہوئی ہے، ہم نے حکومت نہیں بلکہ ایک ذمہ داری سنبھالی ہے، ہم صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، ذیلی کنبہ جات کو محض کاغذی کارروائی نہیں بلکہ زمین کی ملکیت دی جا رہی ہے، گزشتہ پانچ ماہ کے دوران حکومت نے بھرپور کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ عوامی خدمت اور بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے دورہ میرپور کے دوران نیو سٹی میرپور میں ذیلی کنبہ جات کے متاثرین کے الاٹمنٹ آرڈرز کے تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے گفتگو میں کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر کے پنڈال آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، وزیراعظم آزادکشمیر کو ختم نبوت چوک سے جلسہ گاہ میں جلوس کی شکل میں لایا گیا، وزیراعظم آزاد کشمیر کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ ڈھول کی تھاپ پر خوش آمدید کہا گیا، شہید بی بی شہید بھٹو، وزیراعظم آزادکشمیر زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی،وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، وزرائے حکومت چوہدری یاسر سلطان، چوہدری محمد اخلاق، چوہدری صہیب،کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پر بھروسہ اور عوام پر اعتماد رکھتے ہوئے ہم نے اپنی کارکردگی سے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔جو سڑکیں ماضی میں بند ہوتی تھیں، آج انہی پر عوام استقبال کے لیے موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے ڈیلیور کیا ہے۔ چھ ماہ کے اندر سیاسی نظام مستحکم ہو چکا ہے۔بطور وزیراعظم اپنی مدت کے آخری دن تک جاری منصوبوں کو مکمل کریں گے اور عوامی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آئیں گے، نیو سٹی میرپور آنے سے قبل اضافی کنبہ جات کا مسئلہ بھی حل کیا جا چکا ہے۔ میرپور کے عوام کی قربانیوں کی کوئی مثال نہیں، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا۔حکومت نے ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا ہے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رات گئے عوام کی بڑی تعداد میں شرکت حکومت پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ مسائل بے شمار ہیں، تاہم ان کے حل کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پرعزم ہے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آئندہ بجٹ میں نیو سٹی میرپور اسٹیڈیم اور نیو سٹی اسپتال کی اپ گریڈیشن کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی دوبارہ حکومت بنائے گی۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل