ڈیلی پرل ویو،آزاد کشمیر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (ایپسکا) کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر ارجمند گلزار شہید(المعروف حمزہ برہان) کی یاد میں ایک پروقار تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ایپسکا آزاد کشمیر کے مرکزی صدر سید اشتیاق حسین بخاری نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید اشتیاق حسین بخاری،سینئر صحافی عارف بہار، حریت راہنمامشتاق الاسلام، حمزہ شاہین، نشاد احمد بٹ، صدیق داؤد، خواجہ ظہیر احمد، نصیر الرشید، فیصل کشمیری، ڈاکٹر منظور، عادل اعجاز، راجا ممتاز، سید افتخار کاظمی، سید جواد کاظمی، ماسٹر سلیم بٹ، فاروق عباسی، فاروق خان، سید طاہر الاسلام، علی گوہر عباسی، یاسین خان اور دیگر مقررین نے ڈاکٹر ارجمند گلزار شہید کی تعلیم دوستی کے میدان میں گراں قدر خدمات، پاکستان سے ان کی والہانہ محبت اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر ارجمند گلزار شہید کے مشن کو جاری رکھنے اور ان کے افکار و نظریات کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔ اس موقع پر ایپسکا کے مرکزی صدر سید اشتیاق حسین بخاری نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر ارجمند گلزار المعروف”حمزہ برہان ٹرسٹ” قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے آزاد کشمیر کے سکولوں سے باہر رہ جانے والے 84 ہزار بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔ہم بھارت کے اس طرح کے اوچھے ہتکنڈوں سے تعلیمی میدان سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،ڈاکٹر ارجمند گلزار شہید کے تعلیمی مشن کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں۔ مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈاکٹر ارجمند گلزار شہید کے اہلِ خانہ پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کا بھی تفصیلی ذکر کیا۔ بتایا گیا کہ ان کے ایک بھائی گزشتہ 14 برس کی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں جبکہ دوسرے بھائی، جو پی ایچ ڈی کے حامل ہیں، ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح ان کے والد کو تدریسی فرائض انجام دینے سے بھی روک دیا گیا۔ شرکاء نے ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔تعزیتی ریفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر ارجمند گلزار شہیدکے تعلیمی ویژن اور تعلیم دوست پالیسیوں کو عملی شکل دینا ہی ان کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔مقررین نے بھارتی میڈیا اور حکومتی حلقوں کی جانب سے ڈاکٹر ارجمند گلزار شہیدکے خلاف چلائے جانے والے منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹر ارجمند گلزار شہید2018ء میں پاکستان آئے تھے جبکہ پلوامہ واقعہ 2019ء میں پیش آیا، لہٰذا اس واقعے کو ان کے ساتھ جوڑنا حقائق کے منافی ہے۔ مقررین نے اس پروپیگنڈے کی آڑ میں ان کے اہلِ خانہ کو ہراساں کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی۔سید اشتیاق حسین بخاری نے اعلان کیا کہ حمزہ برہان ٹرسٹ قائم کیا جائے گا جس کے تحت نہ صرف تعلیمی محرومی کا شکار بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی بلکہ ایسے تمام بچوں کی تعلیم کا بھی بندوبست کیا جائے گا جن کے والدین اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔اس موقع پر ایمز ہائیر سیکنڈری سکول مظفرآباد کے طلبہ و طالبات نے اپنے مینٹور ارجمند گلزار المعروف حمزہ برہان شہید کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی تعلیمی و قومی خدمات کو سراہا۔معروف سکالر اور صحافی عارف بہار نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر ارجمند گلزار شہیدکی غیر معمولی شخصیت اور خدمات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو اس قسم کی ٹارگٹ کلنگ اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکا جائے۔تعزیتی ریفرنس کے دوران حریت کانفرنس کے سینئر راہنما مشتاق الاسلام نے ایک قرارداد پیش کی جس میں ڈاکٹر ارجمند گلزار شہید کے کردار، تعلیم دوستی، قومی خدمات اور حب الوطنی کو سراہا گیا۔ قرارداد کی تمام شقوں کی شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر متفقہ طور پر تائید کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ اس کے الحاق تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔قرارد اد میں اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، یورپی یونین، اوآئی سی سے پر زور مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے بعد آزادکشمیر میں تعلیمی اداروں پر براہ راست حملے اور تعلیمی اداروں کے مالکان کو ٹارگٹ کرنے پر نوٹس لیا جائے اور بھارت کے ان گھناؤ نے اقدامات کو روکنے میں عالمی برادی اپنا کردار ادا کرے۔ شرکاء نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ کسی ظالم کا ظلم اور کسی جابر کا جبر انہیں اپنی منزل سے دور نہیں کر سکتا اور کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں گے۔تعزیتی ریفرنس میں متعلقہ کالج کے طلبہ و طالبات،ا ساتذہ کرام اور دیگر پرائیویٹ کالج کے مالکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس میں شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل