ڈیلی پرل ویو،وفاقی محتسب سیکرٹریٹ علاقائی دفتر مظفرآباد میں (NHA) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خلاف دی جانے والی درخواست کی سماعت، کیس کی سماعت ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب آزادکشمیر منصور قادر ڈار نے کی۔درخواست چیئرمین مرکزی انجمن تاجران شوکت نواز میر کی جانب سے دی گئی تھی درخواست گزار کا موقف تھا کہ ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کو ریاست کے دیگر علاقوں اور بالخصوص پاکستان سے ملانے والی واحد رابطہ شاہراہ گزشتہ دو ہفتوں سے بوجہ لینڈ سلائیڈ منقطع ہے اور یہ شاہراہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر اہتمام ہے جس کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس انتہائی اہم،دفاعی، معاشی اور عوامی ضرورت کی شاہراہ کو آمد ورفت کے لئے پورا سال بحال رکھے مگر NHA مستقل بنیادوں پر ایسا کرنے میں ناکام ہے اور ہمیشہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے یہ روڈ بند رہتی ہے جبکہ اس شاہراہ کے لئے کروڑوں روپے کا بجٹ ہر وقت دستیاب ہے جس پروفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار نے نوٹس لے لیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام کونوٹس جاری کرتے ہوئے27اپریل 2026کو طلب کیا تھا۔ گزشتہ روز درخواست کی سماعت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے لیگل ایڈوائزر حفیظ بھٹی پیش ہوئے۔ حفیظ بھٹی نے وفاقی محتسب کو بتایا کہ کوہالہ روڈ جو کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی تھی کو دن رات محنت کر کے صرف 7ایام میں عوام کے لیے بحال کی گئی جبکہ اس کا مکمل حل صرف اوپن ٹنل کی صورت میں ممکن ہے جس کا PC-Iجس کا تخمینہ تقریباً15بلین ہے بنا کر منسٹری آف کمیونیکیشن کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ اس پر وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصور قادرڈار نے کہا کہ یہ PC-Iکب تک منظور ہوگا جس پر لیگل ایڈوائزر نے کہا کہ یہ کام منسٹری آف کمیونیکیشن کا ہے اس کا کوئی ٹائم فریم متعین نہیں جس پر ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب نے کہا کہ منسٹری آف کمیونیکیشن سے تفصیلی جواب لے کر جمع کروایا جائے۔ اس کے علاوہ لیگل ایڈوئزر حفیظ بھٹی نے کہا کہ ایسی سڑکات جو کہ NHAکی زیر نگرانی آتی ہیں ان پر ٹیکس وصولی کرتا ہے اور اس آمدن کو روڈ کی تعمیر و ترقی میں لگاتا ہے جبکہ آزادکشمیر ہائی کورٹ کی جانب سے حکم امتناعی جاری ہونے کی وجہ سے NHA متذکرہ روڈ کا کوئی بھی ٹیکس وصول نہیں کر رہاجس سے اس روڈ کی تعمیر و ترقی میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں امید ہے کہ PC-Iجو کہ منسٹری آف کمیونیکیشن کو ارسال کیا گیا ہے اس کے منظور ہوتے ہی ٹنل کا کام شروع ہو جائے گا۔ جس پر وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار نے کہا کہ آئندہ تاریخ پیشی پر اس حوالہ سے تفصیلی جواب جمع کروایا جائے کہ کب تک یہ PC-Iپلاننگ اینڈ کمیشن کو برائے منظوری بھیجا جائے گا۔ کیس کی آئندہ سماعت 05مئی رکھی گئی ہے۔ یاد رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خلاف متذکرہ شاہراہ کے حوالہ سے کئی درخواستیں وفاقی محتسب کو موصول ہوئی ہیں ان تمام درخواستوں کے سدباب کے لیے حکام نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو طلب کیا گیا ہے۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل