میرپور (ڈیلی پرل ویو) ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) کی زیرِ صدارت ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان کی خصوصی دلچسپی سے ضلع میرپور میں پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے 44 کروڑ روپے مالیت کے اہم واٹر سپلائی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔منصوبوں کے تحت میرپور شہر میں 7 نئے ٹیوب ویلز، 2 جدید واٹر ٹینکس کی تعمیر، پہلے سے موجود ٹیوب ویلز کے الیکٹریکل و مکینیکل نظام کی اپ گریڈیشن شامل ہے، جبکہ نیو سٹی کیلئے 3 نئے ٹیوب ویلز، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مرمت اور پروٹیکشن ورک کی بھی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں کا مقصد شہریوں کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔اسی اجلاس میں تحصیل سہنسہ کیلئے تقریباً 17 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل دفاتر کی ازسرِ نو تعمیر، اسسٹنٹ کمشنر دفتر اور دیگر دفاتر کی تزئین و آرائش جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سہنسہ کی بہتری اور مرمت کے منصوبے بھی منظور کیے گئےعلاوہ ازیں کوٹلی میں پی ڈبلیو ڈی کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 21 کروڑ روپے مالیت کے الگ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔عوامی حلقوں نے ان ترقیاتی منصوبوں کو میرپور کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا ہے۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل