3

سینئر حریت رہنما سید منظور احمد شاہ کا المصطفیٰ کمپلیکس کا دورہ، فلاحی خدمات کو سراہا

ڈیلی پرل ویو،مظفرآباد: سینئر حریت رہنما سید منظور احمد شاہ نے المصطفیٰ کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عتیق احمد کیانی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر سماجی و سیاسی رہنما بشیراللہ خان انقلابی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، فلاحی سرگرمیوں، عوامی مسائل اور جاری ترقیاتی و رفاہی منصوبہ جات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کو المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے جاری مختلف فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر عتیق احمد کیانی نے بتایا کہ ادارہ تعلیم، صحت، یتیم بچوں کی کفالت، غریب خاندانوں کی امداد اور نوجوانوں کیلئے فنی تربیت کے منصوبوں پر بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں معاشرے کے کمزور طبقات کی خدمت وقت کی اہم ضرورت ہے اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی اسی جذبے کے تحت دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔

سینئر حریت رہنما سید منظور احمد شاہ نے المصطفیٰ کمپلیکس میں جاری فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے کی اصل طاقت ہوتے ہیں جو بلا تفریق انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم مشکل حالات سے گزر رہی ہے اور اس وقت رفاہی و سماجی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

اس موقع پر بشیراللہ خان انقلابی نے کہا کہ معاشرے میں فلاحی اداروں کی موجودگی عوام کیلئے امید کی کرن ہے اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں اور سماجی خدمت کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک بہتر اور مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

بعدازاں وفد نے المصطفیٰ کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات اور جاری منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وفد نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات کے اختتام پر ملکی سلامتی، کشمیر کی آزادی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں