3

خواجہ فاروق احمد کی دیوان غلام محی الدین کی گرفتاری کی مذمت

ڈیلی پرل ویو،مظفرآباد: پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خواجہ فاروق احمد نے آزاد کشمیر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی دیوان غلام محی الدین کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نامعلوم افراد اور پنجاب پولیس نے رات کی تاریکی میں گھر کا گیٹ توڑ کر گرفتار کیا۔

اپنے بیان میں خواجہ فاروق احمد نے الزام عائد کیا کہ گرفتاری کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، گھر کی خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا جبکہ گھر کے سامان میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کی آئینی اور قانونی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے رکن اسمبلی کی بازیابی کیلئے کردار ادا کریں اور ایوان کے تقدس و ارکان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ کر کے یا انتخابی نشان چھین کر عوامی حمایت ختم کی جا سکتی ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر مہنگائی، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام کو مشکلات سے دوچار کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ دیوان غلام محی الدین کی فوری بازیابی کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر وارنٹ اور بغیر لیڈی پولیس گھر میں داخل ہو کر گرفتاری کرنا قابل مذمت ہے اور اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ الزامات اور بیانات خواجہ فاروق احمد کی جانب سے سامنے آئے ہیں جبکہ اس معاملے پر متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں