3

مودی کی ایما پر ’’را‘‘ نظریاتی طور پر آزاد کشمیر میں داخل ہو چکی ہے، راجہ فاروق حیدر

ڈیلی پرل ویو،مظفرآباد: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و پارلیمانی لیڈر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ایما پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نظریاتی طور پر آزاد کشمیر میں داخل ہو چکی ہے اور اس کے اثرات کا قلع قمع کرنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اور شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی بیانات کے بجائے عملی اقدامات اور نظریاتی تشخص کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے روزگار کے متلاشی ہوتے ہیں لیکن ریاست کے پاس ان کی مفید مصروفیت اور روزگار کیلئے کوئی مؤثر منصوبہ بندی موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں نوجوانوں کے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث نوجوان طبقہ مایوسی کا شکار ہو رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کے دور میں گڈ گورننس، میرٹ کی بحالی، فوری انصاف اور بااختیار نظام حکومت کیلئے عملی اقدامات کیے گئے جبکہ این ٹی ایس، پبلک سروس کمیشن اور دیگر اداروں کے ذریعے 20 ہزار سے زائد نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان اقدامات کو اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھی سراہا گیا۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ 2021ء کے بعد قائم ہونے والے نظام نے آزاد کشمیر میں انتشار اور خلفشار کو جنم دیا جبکہ اقربا پروری، سفارشی کلچر اور میرٹ کے قتل عام نے نوجوانوں میں بے چینی پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس ریاست کو درپیش مسائل کے حل کیلئے واضح حکمت عملی اور تجربہ کار ٹیم موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مدت 25 جولائی کو ختم ہو رہی ہے اور آئینی تقاضے کے مطابق نئی اسمبلی کے انتخابات بروقت ہونا ضروری ہیں۔ انہوں نے مہاجرین جموں و کشمیر کی نشستوں کے تحفظ کو مسلم لیگ (ن) کی اہم آئینی کامیابی قرار دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کا ہدف آزاد کشمیر میں افراتفری اور انتشار پھیلانا ہے اور اس مقصد کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے باشعور عوام تمام سیاسی، گروہی اور مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر بھارت اور اس کے مبینہ ایجنٹوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے حکومت آزاد کشمیر، پی ٹی اے اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ ہونے سے بچانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں سرکاری ملازمتوں کو سیاسی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے بجائے اہل اور قابل نوجوانوں کو میرٹ پر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ معاشرے میں پائی جانے والی بے چینی اور مایوسی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں