پاکستان انسانی خلائی پرواز کے نئے دور میں داخل، خلائی اسٹیشن پر مائیکرو گریویٹی میں سائنسی تجربات کیے جائیں گے
اسلام آباد:(پرل نیوز) پاکستان کے پہلے خلاباز مشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کے لیے ایک تاریخی خلائی پرواز پر روانہ ہونے کو تیار ہیں۔ چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (CMSA) کی قیادت اور سپارکو (SUPARCO) کی شراکت داری سے شروع ہونے والا یہ مشن پاکستان کی انسانی خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
خلائی اسٹیشن پر پاکستانی سائنسی تجربات
بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ محمد ذیشان علی کی بنیادی ذمہ داری خلائی اسٹیشن پر بے وزنی کی کیفیت (Microgravity) میں پاکستان کے سائنسی تجربات انجام دینا ہوگی۔ پاکستانی جامعات اور محققین کے اشتراک سے تیار کیے گئے ان تجربات میں میٹریل سائنس، فلوئیڈ فزکس، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی کے اہم شعبے شامل ہیں، جن کے نتائج موسمیاتی لچک، غذائی تحفظ اور صنعتی جدت کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
گرین مائیکرو فیکٹریز اور مائیکرو الجی
ان تجربات میں سے ایک اہم تجربہ خلاء میں زندگی کے تسلسل کے لیے گرین مائیکرو فیکٹریز کا قیام ہے، جس کے تحت مائیکرو الجی (Microalgae) کی افزائش کا مطالعہ کیا جائے گا تاکہ اسے مستقبل کے طویل دورانیے کے خلائی مشنز کے لیے غذائیت کے ممکنہ ذریعے اور آکسیجن کی پیداوار میں استعمال کیا جا سکے۔
خلائی ماحول میں ایک سال تک تحقیق
دیگر تین سائنسی تجربات چین کے خلائی اسٹیشن کے بیرونی تجرباتی ماڈیولز پر نصب کیے جائیں گے، جہاں یہ ایک سال تک خلائی ماحول کے اثرات کا سامنا کریں گے۔ ان میں کوئنوا (Quinoa) کے بیجوں کی بقا اور پائیداری پر بے وزنی اور کائناتی شعاعوں کے اثرات کا جائزہ، خود مرمت کرنے والے مائیکرو کیپسول پر مبنی کمپوزٹ میٹریلز کی خلاء میں مرمت کی صلاحیت کا مطالعہ، جبکہ ہائبرڈ کمپوزٹ میٹریلز کی خلاء کے بیرونی ماحول میں پائیداری اور مزاحمت کا جائزہ شامل ہے۔
ان مطالعات کا مقصد مستقبل میں زیادہ مضبوط فصلوں کی تیاری، ہوائی جہازوں اور خلائی جہازوں کی مرمت کے تقاضوں میں کمی اور خلائی ڈھانچوں کے تحفظ کے لیے جدید مواد کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
پاکستان اور چین کا سائنسی تعاون
یہ سائنسی پروگرام چین کے سینٹر فار اسپیس یوٹیلائزیشن، شنگھائی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل فزکس، ڈالیان میری ٹائم یونیورسٹی اور شنگھائی جیاو ٹونگ یونیورسٹی کے اشتراک سے انجام دیا جا رہا ہے۔
یہ تاریخی مشن پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل اور پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی و مضبوط خلائی تعاون کا مظہر ہے۔ اس کے ذریعے پاکستان انسانی خلائی پرواز کے شعبے میں بین الاقوامی سائنسی تعاون اور تحقیق کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
مزید سائنسی خبروں کے لیے ٹیکنالوجی سیکشن ملاحظہ کریں۔