2

کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر کی زیرصدارت اجلاس بدھ کے روز اہم اجلاس منعقد

ڈیلی پرل ویو،وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے ویژن اور چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی ہدایت کے مطابق مظفرآباد شہر کی بیوٹیفکیشن کے حوالہ سے جاریہ مہم کی پراگرس کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر کی زیرصدارت اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر سنٹرل ڈیزائن آفس، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، ریجنل ہیڈز و نمائندگان نیشنل بینک آف پاکستان، کشمیر بینک، یونائیڈڈ بینک، حبیب بینک، الائیڈ بینک اور زرعی ترقیاتی بنک نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کیلئے اب تک کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی خوبصورتی کے کام کو مزید تیز کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر کے ویژن اور چیف سیکرٹری کی ہدایت کے مطابق شہر مظفرآباد کو خوبصورت بنانے کیلئے جامع پلان ترتیب دیاگیا ہے۔ جس میں تمام محکمہ جات اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کردار ادا کریں گے۔ بنک سکوائر کو خوبصورت بنانے کیلئے سنٹرل ڈیزائن آفس نے پلان ترتیب دیا ہے، جس کو بنک ہاء کی مدد سے تکمیل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہر کے اندر جس قدر تجاوزات ہیں ان کو فوری ہٹایا جارہاہے۔ سرکاری پولوں پر لگائے گے بینرز پوسٹرز اور پینا فلیکس کو ہٹایا گیا ہے۔ وال چاکنگ ختم کرتے ہوئے دیواروں پر وائٹ واش کروایا جا رہاہے۔ صفائی مہم کے دوران شاہرات کے اردگرد نالیوں کی صفائی بھی کروائی گئی ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر دیواروں پر پینٹنگ کا کام بھی شروع کیا جارہاہے۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے شہریان مظفرآباد سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد ایریاز کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اور اس صفائی مہم کا حصہ بنیں، میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی جانب سے طے شدہ پوائنٹس پر کوڑا کرکٹ کو پھینکا جائے تاکہ وہاں سے بلدیہ اہلکار بروقت کوڑا اٹھا سکیں اور گندگی نہ پھیلے۔ کمشنر نے کہا کہ مظفرآباد کے شہری باشعور ہیں امید ہے کہ وہ ہماری اس مہم کی کامیابی میں متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں