لاہور (ڈیلی پرل ویو) سابق وزیر اسد عمر کا کہنا ہے سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کے لیے عملی اور بروقت تعاون فراہم کرتے ہوئے 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹ کا اعلان کیا ہے، جوقابل قدر ہے۔
اپنے ایکس بیان میں انہوں نے کہا سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا قریبی، مخلص اور قابلِ اعتماد دیرینہ دوست رہا ہے۔ ہر مشکل وقت میں سعودی قیادت اور عوام نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور برادرانہ روابط پر مبنی ہیں۔پاکستان بھی ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان یہ مضبوط شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔ یہ حالیہ مالی معاونت نہ صرف پاکستان کی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ہم سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے اس مسلسل تعاون اور خیرسگالی کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات آئندہ بھی اسی طرح مضبوط اور مستحکم رہیں گے۔